تلنگانہ کی خبریں

اراضیات پر غیرمجاز قبضوں کا تلنگانہ کے وزیر پر الزام۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نےتفصیلی جانچ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن)بعض افراد کی جانب سے وزیرصحت ای راجندر کے خلاف مختص اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے الزامات پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جانب سے اس خصوص میں تفصیلی جانچ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت کے ایک دن بعد ریونیو اور ویجلنس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے میدک ضلع کے رامائم پیٹ منڈل کے اچم پیٹ گاوں میں جانچ شروع کردی۔سیکوریٹی کے درمیان جانچ کرنے والے عہدیداروں نے اچم پیٹ اور ہاشم پیٹ مواضعات کے کسانوں سے بات چیت کی جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ حکومت کی جانب سے ان کو الاٹ کردہ اراضیات پر کابینہ کے سینئر وزیر ای راجندر نے غیر مجاز قبضہ کرلیا ہے۔

سروئیرس اور ریکارڈس کی جانچ کرنے والی دو ٹیمیں کام کررہی ہیں اور ابتدائی رپورٹ جلد ہی حکومت کو پیش کی جائے گی۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔وزیراعلی نے جمعہ کی شب میدک ضلع کے بعض افراد کی جانب سے اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے الزامات کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔اپنی شکایت میں ان افراد نے الزام لگایا کہ وزیر صحت نے ان کو الاٹ کردہ 20ایکڑ اراضی پر غیر مجاز قبضہ کرلیا ہے تاکہ اچم پیٹ میں واقع جمنا ہچریزکی توسیع عمل میں لائی جاسکے۔اس شکایت میں یہ بھی کہاگیا کہ وزیر موصوف کے ساتھیوں نے اچم پیٹ اور حکیم پیٹ منڈل کے نواحی علاقہ میں مختص اراضیات پر غیر مجاز قبضے کئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلی سے اپیل کی کہ وہ ان کو ان کی اراضی واپس دلائے۔راو کی جانب سے اس جانچ کے احکام کے فوری بعد راجندر نے ہنگامی طورپر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی برسرخدمت جج یا پھر کسی بھی جانچ ایجنسی کے ذریعہ جانچ کا سامنا کرنے تیار ہیں تاکہ ان کے خلاف عائد کردہ الزامات پر حقائق سامنے آسکیں۔وزیر موصوف نے اس کو پہلے سے تیار کردہ منصوبہ قراردیا تاکہ ان کو بدنام کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اراضیات پرقبضہ کے الزامات منصفانہ جانچ میں ثابت ہونے پر وہ سزا کے لئے تیار ہیں۔وزیر نے دعوی کیا کہ ان کانام زراعت کے لئے استعمال نہیں کیا گیا اور کسانوں نے منڈل ریونیوآفیسر کو رضاکارانہ طورپر یہ اراضیات دی ہیں۔یہ اراضیات ہنوز ان کے پولٹری فارم کے نام منتقل نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے ناموں کاانکشاف کئے بغیر نشاندہی کی کہ بیشتر لیڈر جو ان کے ساتھ اسکوٹر پر پھراکرتے تھے اب کروڑ پتی بن گئے ہیں۔

ایسے تمام افراد کے خلاف جانچ کی جانی چاہئے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔راجندر کے خلاف اراضیات پر قبضہ کے الزامات نے سیاسی حلقوں کو صدمہ سے دوچار کردیا ہے۔۔اسی دوران بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راو نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی اپنی کابینہ کے سینئر رفیق پر لگائے گئے الزامات کی وضاحت کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button