
انتخاب نہیں لڑیں گے متھن چکرورتی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کی آخری فہرست سے نام غائب

کولکاتہ: (اردودنیا.اِن)بی جے پی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔ اس فہرست میں 13 افراد کے نام شامل ہیں ، لیکن اس میں متھن چکرورتی کا نام غائب ہے۔ بتایا جارہا تھا کہ متھن چکرورتی کو راس بہاری سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارا جائے گا ، لیکن وہاں سے بی جے پی نے سبکدوش لیفٹیننٹ جنرل سبرت ساہا کو میدان میں اتارا ہے۔
جب متھن چکرورتی نے 7 مارچ کو کولکاتہ میں میگا ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا تھاتو بی جے پی ذرائع نے بتایا تھا کہ انہیں راس بہاری سیٹ سے میدان میں اتارا جائے گا۔یہیں پر اداکار چکرورتی نے ایک بنگالی فلم کا ڈائیلاگ بولا تھا، ’میں آپ کو یہاں ماروں گا اور آپ کی لاش شمشان میں ملے گی ‘۔
اس دن انہوں نے ایک اور بات کہی تھی ’میں کم نقصان پہنچانے والا پانی یا ریت والا سانپ نہیں ہوں،میں ایک کوبرا ہوں، ایک بارکاٹا تو آپ تصویر میں ہی نظر آئیں گے۔اس کے علاوہ حال ہی میں کولکاتہ میں ان کا نام ووٹر لسٹ میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنا ووٹنگ کارڈ ممبئی سے کولکاتہ منتقل کروایا ہے۔ تاہم ان کے الیکشن لڑنے کی امیدختم ہوگئی ۔ بنگال میں ووٹنگ آٹھ مراحل میں ہوگی اور آخری مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ اپریل کے وسط میں ہے۔



