
مظفر پور:(اردودنیا.اِن)بہارکے مظفرپور ضلع میں ایک انٹر کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی پھر اس کی ویڈیو بھی بنالی گئی۔جس کے بعد ملزم طالبہ کو بلیک میل بھی کرنے لگے ۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ پولیس کی نوٹس میں آیا۔ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ایک ملزم کوجمعہ کے روز گرفتار کرلیا گیاہے۔واضح ہو کہ یہ واقعہ مسہری تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔
گرفتار ملزم سے تھانے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے،تاہم گرفتار نوجوان نے عصمت دری کے الزام سے انکار کیا ہے۔ اس سے قبل دیہاتیوں نے ملزم کی پٹائی کی ۔ تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو دو روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ متاثرہ کے گاؤں کے ملزم نے یہ ویڈیو عصمت دری کے دوران بنائی تھی، پھر اس نے اسے بار بار فون کرنے کی دھمکیاں دینے لگا۔
ویڈیو کا حوالہ دے کر اسے بلیک میل کرنے لگا۔ متاثرہ لڑکی کے انکار کرنے پر اس نے وائرل کردیا۔ اس کے بعد علاقہ میں ایک سنسنی پھیل گئی۔ ڈی ایس پی ایسٹ منوج پانڈے نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ کرا یا گیا ہے، ایک ملزم گرفتارکیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی دیگر مفرور ملزمان کی بھی تلاش کی جارہی ہے۔ واضح ہو کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ نے ملزم سے تفتیش کی، پھر ملزم کو کنبہ کے افراد نے حراست میں لے کر بری طرح پٹائی کی ۔
اس معاملہ میں مکھیا سرپنچ نے مداخلت بھی کی ، پنچایت بھی کی ۔ ملزم اور اس کے اہل خانہ پر دو دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور کہا کہ 2-2 لاکھ روپے ادا کرنے کے بعد ویڈیوحذف کردیا جائے گا، تاہم نوجوان نے روپے دینے سے انکار کردیا ۔بعد ازاں متعلقہ تھانہ میں رپورٹ کی گئی ،جس کے بعد پولیس دیر رات موقع پر پہنچی اور ملزم سورج کمار کو گرفتار کرلیا۔اس دوران طالبہ کا بیان خواتین تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس مزید کارروائی میں مصروف ہے ۔



