نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)بڑھتے کرونا بحران کے باعث برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا دورۂ ہندوستان منسوخ کردیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ اگلے ہفتے ان کادورۂ ہند متوقع تھا ۔ اس سے قبل وہ 26 جنوری کو منعقدہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرنے والے تھے ، لیکن اس وقت بھی انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیاتھا۔ اس طرح بورس جانسن نے مسلسل دو بار ہندوستان آنے کا اپنا منصوبہ منسوخ کیاہے۔
برطانوی وزارت خارجہ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے کرونا بحران کے سبب اگلے ہفتے اپنا دورہ ہندوستان ملتوی کردیا ہے۔اس کے بجائے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اوران کے برطانوی ہم منصب بورس جانسن رواں ماہ کے آخر تک دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور آئندہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
رواں ماہ کے آخر تک بورس جانسن کے دورہ کی منسوخی کے تناظر میں دونوں ممالک کی طرف سے مشترکہ بیان جاری کیا جاسکتا ہے۔ برطانیہ میں حزب اختلاف بورس جانسن کے دورۂ ہند کو لے کر مستقل تنقید کر رہی تھیں ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے کہا تھا کہ انہیں کورونا بحران جیسی صورتحا ل کے پیش نظر بیرون ملک دورہ سے گریز کرنا چاہئے۔
جانسن کے دورہ ہند کی برطانیہ کی لیبر پارٹی نے سخت مخالفت کرتے ہو ئے کہا تھا کہ برطانوی حکومت لوگوں سے کہہ رہی ہے کہ اگر سفر ضروری نہ ہو تو سفر سے گریز کریں ،سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن ہندوستانی حکومت کے ساتھ زوم پر کیوں نہیں تبادلہ خیال کرلیتے ۔میرے خیال میں وزیر اعظم اور عوامی نمائندگان کو مثال قائم کرنا چاہئے۔



