دبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دنیا بھر میں شادی شدہ جوڑوں کی طلاق کوئی انوکھی بات نہیں مگر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس کی علاحدگی یقیناً امریکا اور عالمی سطح پر اپنے اثرات مرتب کرے گی۔ اس لیے کہ دونوں شخصیات ملک میں فلاحی اور خیراتی کاموں کے لیے سب سے زیادہ عطیہ کرنے والوں میں سے ہیں۔
بعض مبصرین کے نزدیک یہ طلاق بڑے پیمانے پر تزویراتی تبدیلیاں سامنے لا سکتی ہے جن کا ظہور آئندہ چند برسوں میں ہو گا۔مشی گن یونیورسٹی کی پروفیسر اور گیٹس فاؤنڈیشن کی قریبی شخصیت میگن ٹومکنز اسٹنگ کہتی ہیں کہ اصل کہانی طلاق کے اثرات نہیں بلکہ اس خبر پر عوام کا رد عمل ہے۔ گیٹس فاؤنڈیشن سے مستفید ہونے والوں پر اندیشوں کے بادل منڈلانا شروع ہو گئے ہیں۔ انگریزی ویب سائٹ Vox record کے مطابق بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس عطیات اور فلاحی کاموں کی دنیا میں بہت بڑا نام اور مقام رکھتے ہیں۔
بل اور ملینڈا گیٹس نے گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک چیریٹی فنڈ قائم کیا تھا جو آج تقریبا 50 ارب ڈالر کی رقم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ فاؤنڈیشن سے ہٹ کر بل گیٹس کی دولت کا اندازہ 150 ارب ڈالر کے قریب لگایا گیا ہے۔ طلاق کا عمل پورا ہونے پر توقع ہے کہ یہ رقم دونوں افراد میں تقسیم کی جائے گی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے چند سال پہلے چیریٹی فاؤنڈیشن شروع کرتے ہوئے یہ لکھا تھا کہ وہ اپنی املاک کا بڑا حصہ Bill & Melinda Gates Foundationکے زیر انتظام کر دیں گے۔ اب یہ واضح نہیں کہ طلاق کے بعد بھی دونوں شخصیات اس اعلان کی پابند رہیں گی یا نہیں۔ مبصرین کے نزدیک یہ وہ رقم ہے جو ابھی تک فاؤنڈیشن کے لیے مختص نہیں کی گئی ہے۔



