
تاؤتے کے بعد اب طوفانِ ’یاس ‘ کا خطرہ: اوڈیشہ بنگال سمیت 5 ریاستوں کے لئے مرکز کا انتباہ جاری
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تاؤتے طوفان کے بعد اب طوفانِ ’’یاس‘‘ کا خطرہ لاحق ہے۔ یہ طوفان بحر شمالی انڈمان اور اس سے ملحق مشرقی بنگال کی مشرقی خلیج سے اٹھنے کی توقع ہے ۔ توقع ہے کہ 24 مئی تک یہ طوفان میں بدل جائے گا۔ اس خطرے کے پیش نظر مرکز نے آندھرا پردیش ، اڈیشہ ، بنگال ، تمل ناڈو اور انڈمان اور نکوبار کو الرٹ کردیا ہے۔ مرکز ی سرکار کے مطابق طوفان 26 مئی کو بنگال کے ساحل سے ٹکرائے گا۔
مرکز نے پانچ ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ کووڈ مریضوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے تیاری کریں۔تمام اسپتالوں میں بجلی کا درست بیک اپ نظام ہونا چاہئے۔فوری طور پر ایمرجنسی کمانڈ سسٹم اور ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور کنٹرول روم کو فعال کریں۔ نوڈل آفیسر تعینات کریں اور اس سے رابطہ کی تفصیلات وزارت صحت کو دستیاب کرائیں۔
ساحلی ریاستوں کے تمام اضلاع میں اسپتال ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان شروع کیا جائے ، ان اضلاع کے اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کیلئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جانا چاہئے۔علاوہ ازیں ہنگامی صورتحال کے پیش نظرضروری ادویات کا ذخیرہ پہلے سے جمع کرلیں۔ آئی سی جی ترجمان کے مطابق خلیج بنگال میں موسم کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔



