تلنگانہ کی خبریں

’’جنگ آزادی اور اردو شاعری‘‘ مانو کا موضوعاتی ڈیجیٹل کیلنڈر

’’جنگ آزادی اور اردو شاعری‘‘ مانو کا موضوعاتی ڈیجیٹل کیلنڈر
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ کے ہاتھوں رونمائی ۔ میڈیا سنٹر کا دیدہ زیب ڈیزائن

حیدرآباد، 29/ڈسمبر (اردودنیانیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ڈیجیٹل کیلنڈر برائے 2021 کی آج پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج نے رسم رونمائی انجام دی۔ یہ کیلنڈر جنگ آزادی اور اردو شاعری کے موضوع پر تیار کیا گیا ہے۔ حسب ہدایت وزارتِ تعلیم اس مرتبہ اردو یونیورسٹی نے کیلنڈر برائے سال 2021ء کو صرف ڈیجیٹل فارمیٹ (شکل) تک محدود رکھا ہے۔ جس کو کمپیوٹر اور موبائل جیسے ڈیجیٹل آلات پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کیلنڈر میں بیگم حضرت محل، محمد حسین آزادؔ، الطاف حسین حالیؔ، پنڈت دتاتریہ کیفیؔ، ڈاکٹر محمد اقبالؔ، برج نرائن چکبستؔ، فراقؔ گورکھپوری، جوشؔ ملیح آبادی، بسملؔ عظیم آبادی، مخدومؔ محی الدین، پنڈت گلزارؔ دہلوی اور زبیر رضوی کی نظمیں اور ان کی تصویریں موجود ہیں۔ جسے مانو کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کے پروڈیوسر جناب عمر اعظمی نے نہایت خوبصورتی سے ڈیزائن کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رحمت اللہ نے کہا کہ انہوں نے اس قدر دیدہ زیب کیلنڈر پہلے نہیں دیکھا۔ ہندوستان کی جنگ آزادی میں اردو شعرا و ادبا کی کاوشیں اہمیت کی حامل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں تعلقات عامہ نظریہ کے تحت بہتر انداز میں گفتگو کو اہمیت دی جاتی ہے اور یہ انتظامیہ کے لیے کامیابی کا ضامن ہوتا ہے۔

پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج اس نشست میں آن لائن موجود تھے نے کہا کہ کیلنڈر کا موضوع نہایت ہی اہم ہے۔ انہوں نے بطور خاص علامہ اقبالؔ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق نے ترانۂ ہندی کے علاوہ ہندوستانی بچوں کا قومی گیت بھی لکھا تھا جو حب الوطنی کے سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گذرتے ہوئے ہر لمحہ کو بہتر کام کے ذریعہ اہم بنانا ہے۔

ڈاکٹر فیروز عالم، اسسٹنٹ پروفیسر اردو و رکن پبلک ریلیشنز ٹیم نے کہا کہ انہیں اردو سے ایسی ہی محبت ہے جیسی انہیں اپنی ماں اور مادرِ وطن سے ہے۔ اسی لیے اس موضوع کو منتخب کیا گیا جس میں اردو شعرا نے جنگ آزادی کے دوران اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ عابد عبدالواسع، پبلک ریلیشنز آفیسر نے کہا کہ موضوعاتی کیلنڈر کی ابتداء 2015 میں خطاطی کے نمونوں کے ساتھ ہوئی جسے اس وقت کے میڈیا کوآرڈینیٹر جناب میر ایوب علی خان نے تیار کروایا تھا۔ اس کے بعد ہر سال اردو کو محور بناکر موضوعاتی کیلنڈر شائع ہوتے رہے جن میں سائنسداں جنہوں نے دنیا بدل دی، ہندوستان میں اردو صحافت کا عہد ساز سفر، اردو زبان کے اولین علمی گہوارے، ہندوستان میں اردو کے اہم کتب خانے، نقوشِ اردو شامل ہیں۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے کہا کہ جب دفتر تعلقات عامہ سے اطلاع ملی کہ آئی ایم سی کو 2021 کا ڈیجیٹل کیلنڈر ڈیزائن کرنا ہے۔ اس وقت آئی ایم سی کا شیڈیول تیار ہوچکا تھا لیکن باقی تمام کاموں کے ساتھ جناب عمر اعظمی، پروڈیوسر کی شب و روز کی محنت سے یہ ڈیزائن تیار ہوا۔

اس میں جناب غلام احمد، گرافک ڈیزائنر نے فانٹس کے لیے مدد کی۔ دفتر تعلقات عامہ کی ٹیم میں پی آر او کے علاوہ ڈاکٹر فیروز عالم، جناب شمس عمران، آمنہ انجم اور احمد صدیقی نے مواد کی تیاری، ترتیب و تحقیق میں مدد کی۔ جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے کاروائی چلائی۔ ڈاکٹر میر حشمت علی نے قرأت کلام پاک پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جناب ایم جی گناسیکھرن، فینانس آفیسر اور پروفیسر فہیم اختر ندوی، صدر شعبۂ اسلامک اسٹڈیز بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button