تلنگانہ کی خبریں

دواخانوں میں بستر فراہم کرنے کے نام دھوکہ دہی، دھوکہ باز سرگرم

دواخانوں میں بستر فراہم کرنے کے نام دھوکہ دہی، دھوکہ باز سرگرم

تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)کوروناو ائرس کے دور میں جہاں شہریوں کو دواخانو ںمیں بستر حاصل نہیں ہورہے ہیں ‘ گھروں اور دواخانو ں میں آکسیجن نہیں مل پا رہی ہے ایسے میں سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے انہیں لوٹنے کے اقدامات میں تیزی پیدا کردی گئی ہے اسی لئے کسی بھی آن لائن لین دین کی معاملت سے قبل ضرورت مندوں کو تحقیق کرلینی چاہئے بلکہ موجودہ حالات میں کسی کو بھی کوئی رقومات آن لائن ادا کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔

دواخانوں میں بستروں کی فراہمی کے علاوہ آکسیجن سیلنڈرس ‘ آکسیجن کنسنٹریٹرس اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کے نام پر سائبر دھوکہ دہی انجام دی جانے لگی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں دواخانو ں میں بستروں کی مانگ میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے بستروں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا جھانسہ دیتے ہوئے شہریوں کو ٹھگ رہے ہیں۔

شہر کے ایک سرکردہ کارپوریٹ دواخانہ میں بستر کی فراہمی کا جھانسہ دیتے ہوئے ایک مریض سے 40ہزار روپئے لوٹ لئے جانے کی شکایت موصول ہوئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ مریض کے رشتہ داروں سے رابطہ کرتے ہوئے ان سے کہا گیا کہ وہ مریض کو دواخانہ منتقل کرنے سے قبل 40 ہزار روپئے اکاؤنٹ میں جمع کروائیں جس پر مریض کے رشتہ داروں نے پریشانی کے عالم میں بستر کے حصول کی امید کے ساتھ 40 ہزار روپئے اکاؤنٹ میں جمع کروادیئے لیکن جب وہ دواخانہ پہنچے تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ دواخانہ کی جانب سے ایسی کوئی سہولت نہیں دی جا رہی ہے اور نہ ہی دواخانہ میں بستر موجود ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر مدد کے حصول کے لئے فراہم کی جانے لگی تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے ٹھگ ان معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ مدد حاصل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔

شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک کے کئی شہروں میں اس طرح کے واقعات پیش آنے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے نہ صرف دواخانہ میں بستر کی فراہمی بلکہ آکسیجن سیلنڈرس کی فراہمی اور آکسیجن کنسرٹریٹر کی فروخت کے نام پر شہریوں کو لوٹا جانے لگا ہے ۔ آکسیجن کی قلت کی خبروں سے پریشان شہریوں کو ٹھگنے کیلئے آن لائن کئی گروہ کوشاں ہیں اور کہا جا رہاہے کہ سائبر کرائم کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جار ہی ہے اور عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کا آن لائن لین دین نہ کریں۔

بتایاجاتا ہے کہ ملک کی دوسری ریاستوں میں سیلنڈرس کی فراہمی کے نام پر رقومات منتقل کرتے ہوئے شہریوں کو دھوکہ دہی کا شکار بنایا جارہا ہے اور جو معصوم شہری ان ٹھگوں کا شکار ہورہے ہیںانہیں اس بات کا احساس دن گذرنے کے بعد ہورہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button