نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا ہے کہ ملک کے دارالحکومت میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر اس وقت دہلی میں لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو دہلی کے عوام سے صلاح مشورے کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ لیا جائے گا ۔ پریس کانفرنس میں سی ایم کجریوال نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں کرونا کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ملک کے دیگر مقاما ت میں بھی بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 16 مارچ کو دہلی میں 425 کیس تھے اور آج 3583 کیس ہوگئے، دہلی کے لئے یہ چوتھی لہر ہے،لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ، حکومت نے صورتحال پر نگاہ رکھی ہے، اور حکومت جو بھی کاروائی کی ضرورت محسوس کرے گی ، کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں ،
لیکن اس چوتھی لہر میں کیسزگزشتہ بار کے مقابلے میں کم سیریس کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ موت کے کیسز بھی آخری بار کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے ۔ جب کہ پچھلی با رتین سے چار ہزار روزانہ کیس سامنے آرہے تھے ، روزانہ 40 کے قریب اموات ہو رہی تھیں ،لیکن اب 10 سے 12 اموات ہو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی لاک ڈاؤن پر غور نہیں کیا جارہا ہے ، لیکن اگر لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا ہوتی ہے ،تو اس کا فیصلہ باہمی گفت و شنید سے ہی کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ اگر لوگ بیمار ہیں، تو اسپتالوں میں اس کا انتظام کیا جانا چاہئے۔ بیڈ ، آکسیجن ، وینٹی لیٹروں ، آئی سی یو کے انتظامات پر غور کیا گیا ہے اور ایک مکمل لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق ہمارے سامنے کرنے کے تین کام ہیں۔ 1. اس کو پھیلنے سے کیسے روکا جائے۔ٹیسٹنگ ، ٹریک اور آئی سولیشن پر توجہ دی جائے ۔
اس میں حکومت کا کردار کم ہے ،عوامی کردار زیادہ ہے۔علاوہ ازیں ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔اگر بیمار ہو تو ہسپتال جائیں۔کرونا کے روک تھام کے لئے ویکسی نیشن سب سے اہم ہے۔ حکومت اس پر پورا زور دے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب 71000 ویکسین لگوائی جاچکی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق لیکن مسئلہ درپیش یہ ہے کہ مرکزی حکومت کی ہدایت نامہ کے مطابق یہ ویکسین صرف اسپتال یا ہیلتھ فیسلیٹی میں ہی دی جاسکتی ہے۔ ویکسین محفوظ ہے۔ اگر مرکزی حکومت ہمیں بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کی اجازت دیتی ہے، تو ہم اسکولوں میں سنٹر بنا کر جنگی سطح پر ویکسی نیشن مہم شروع کریں گے ۔



