نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے انٹلیجنس ان پٹ حاصل کرنے کے بعد پاکستان اور چین کو ملکی سلامتی سے متعلق اہم راز کا تبادلہ کیا ۔ گرفتار ملزم 35 سالہ ہرپال سنگھ ہے ، جو آبائی طو رپرپنجاب کے ترن ترن کا باشندہ ہے۔ ہرپال سنگھ پاکستانی اور چینی خفیہ ایجنسیوں کو بڑی مقدار میں انٹیلی جنس موادفراہم کرتا تھا، جن میں آرمی بیس کیمپ ، ان کی نقل و حرکت ، فوج اور بی ایس ایف کے عہدے اور بنکر وں سمیت کئی اہم سلامتی کے راز شامل تھے۔
اس واقعہ کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم ہرپال سنگھ کو پاکستان کی طرف سے انٹلیجنس معلومات کے تبادلہ کے عوض میں بڑی رقم دی گئی تھی۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے فوج کی معلومات سے متعلق خفیہ دستاویزات ، ایک موبائل فون ، سم کارڈ اور بس سفر کے دو ٹکٹ ضبط کیے ہیں۔
ملزم کے موبائل کھنگالنے کے بعد انکشاف ہوتا ہے کہ پاکستانی شہر لاہور میں اس کا سرغنہ ہے، جس کا نام جس پال ہے۔ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذر یعہ جس پال سے رابطہ میں تھا۔ تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ جس پال نے ابتدائی طور پر ہرپال سے سوشل میڈیا کے ذریعہ رابطہ کیا تھا اور انٹیلی جنس معلومات کے بدلے میں اسے خطیر رقم کا لالچ دے کر کئی طریقوں سے برین واش کیا گیا تھا۔پولیس افسر نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں کے دوران اسپیشل سیل کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہو رہی تھی ، جس میں پتہ چلا ہے کہ کچھ لوگ ہمسایہ ملک کی خفیہ ایجنسیوں کو ملک کی اہم انٹیلی جنس معلومات دے رہے تھے۔
معلومات اکٹھا کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ ملزم ہرپال سنگھ کثیر مقدار میں فوج اور دیگر انٹیلی جنس سے متعلق معلومات پاکستان بھیج رہا ہے۔ ملزم پاک -بھارت سرحد کے قریب واقع ایک فرم میں مشین آپریٹر کی حیثیت سے کام کیا تھا اور اس کے تعلقات پاکستانی خفیہ ایجنسی کے عناصر سے ہوئے تھے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس نے کئی بار آرمی اور بی ایس ایف کے بنکروں ، اڈوں اور دیگر مقامات کی ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان بھیجی تھی۔ اس وقت پولیس ریمانڈ پر ملزم سے مزید پوچھ گچھ کررہی ہے۔



