نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی کے روہنی کے جے پور گولڈن اسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے نصف شب میں25 مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپتال کو 3.5 میٹرک ٹن آکسیجن الاٹ کردی ہے، جس کو کل سے دوبارہ بھرنا تھا لیکن نصف شب میں دوبارہ ریفل نہیں ہوا۔ جمعہ کی رات کو صرف 1500 لیٹر ریفلنگ کی گئی تھی، جس کی وجہ سے اسپتال کے پاس آکسیجن ختم ہوگئی اور 25 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔
اسپتال نے کہا ہے کہ وہاںکورونا کے 215 مریض داخل علاج ہیں جنھیں آکسیجن کی ضرورت ہے۔معلومات کے مطابق مرنے والے تمام مریضوں کی حالت کافی سنگین تھی۔ یہاں آکسیجن کی سطح کم تھی، جبکہ جو آکسیجن شام 5:30 بجے پہنچنی تھی وہ 12 بجے پہنچی۔واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح سے ہی دہلی کے بہت سے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے بارے میں ایک ہنگامی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
روہنی کے ایک دیگر اسپتال سروج اسپتال نے بھی آکسیجن کی کمی کے باعث ہاتھ کھڑے کردئیے ہیں۔ اسپتال کی طرف مریضوں کو ڈسچارج کیا جارہا ہے اور یہاں کسی نئے مریضوں کو داخل نہیں کیا جارہا ہے۔اسپتال کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بہت ساری کوششوں کے بعد بھی انہیں آکسیجن فراہم نہیں سکا ہے،
جس کی وجہ سے اب وہ نئے مریض نہیں لے رہے ہیں اور تمام مریضوں کو چھٹی دے رہے ہیں۔ اسپتال نے کہا ہے کہ یہ ایک دل دہلا دینے والی صورتحال ہے اور اب اس حقیقت کواپنے آپ تک محدود نہیں رکھ سکتے کہ ہمارے نظام نے ہمیں مایوس کیا، ہم بے بس ہیں۔سروج اسپتال کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کل رات انہیں راجیو گاندھی اسپتال سے آکسیجن ٹینکر ملا، لیکن وہ بھی اب ختم ہوچکا ہے۔ آکسیجن فراہم کرنے والی کمپنی آئی این او ایکس نے گذشتہ رات آکسیجن لانے کو کہا تھا، لیکن آج وہ کہہ رہے ہیں کہ اب ان کے پاس آکسیجن نہیں ہے۔



