بین ریاستی خبریں

رانجنی ضلع جالنہ میں جمعیت علماء کے تحت اصلاح معاشرہ کا شاندار اجلاس

رانجنی ضلع جالنہ میں جمعیت علماء کے تحت اصلاح معاشرہ کا شاندار اجلاس

جالنہ:(اردودنیا.اِن) جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کی زیر نگرانی دو ماہ سے اصلاح معاشرہ کی مہم جاری ہے، اس کے مفید اثرات و نتائج کو محسوس کرتے ہوئے اہلیان رانجنی ضلع جالنہ کا مسلسل تقاضہ تھا کہ جمعیت کے احباب یہاں آئیں اور اصلاح معاشرہ کے ضمن میں نشست منعقد کریں، اس کے مطابق کل بتاریخ 14 مارچ بروز اتوار بعد نماز مغرب کالی مسجد رانجنی میں شاندار طریقے سے یہ جلسہ منعقد ہوا،

ہمارے معاشرے کو جہیز کی لعنت سے نجات دلانا ہے حد ضروری۔ مولانا سہیل ندوی

اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے کہا کہ مسلم معاشرے میں اپنے پڑوس کے دیگر سماج کی جو برائیاں اور غیر اسلامی طریقے رائج ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ھمارا سماج بھی ان بری لعنتوں سے جہونج و سسک رہا ہے، جس کی وجہ سے بہت سے ناخوش گوار واقعات اور حادثات کا ظہور ہورہاہے، اس کے باوجود ہماری اکثریت اس کے ختم کرنے کے بارے میں حساس اور فکر مند نظر نہیں آتی، بقول علامہ اقبال علیہ الرحمۃ:

"وائے ناکامی متاعِ کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا،،

جس امت مسلمہ کو احتساب کائنات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی وہ اپنے نفع و زیاں کے شعور سے عاری ہوچکی ہے، غیر اسلامی اصحابِ اقتدار نے یہ تہیہ کرلیا ہے کہ اب اس ملک کی تعلیم گاہوں میں مشرکانہ تعلیمی نظام ہوگا،

موبائل کے غلط عمومی استعمال نے بڑے پیمانے پر ہماری موجودہ نسل کو مغربی فحش و گندی تہذیب کو اپنانے پر مجبور کردیا ہے، اور وہ اسے غیر شعوری طور پر قبول بھی کررہے اور اپنا رہے ہیں، جس کی بنا پر ہمارے معاشرے میں عام طور پر لادینی نظریات قبول عام حاصل کررہے ہیں، اس حالت میں بھی اہل ایمان اس کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں لیتے توہمارا خدا ہی حافظ ہے،

جہیز کی لعنت نے ہماری غریب بچیوں کی شادی کو مشکل بنادیا ہے اور خدا تعالیٰ کا بھی فیصلہ ہے جو نکاح لین دین اور گھوڑے اور جوڑے اور مال کی بنیاد پر کیا جائے میں اس نکاح کرنے والے کوفقیر و محتاج بناکر رہوں گا،

لہذا ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے گھر اپنے پڑوس اور اپنے محلے اور اپنے معاشرے کی اصلاح کی فکر کریں گے اور اپنی شادی میں سادگی لائیں گے، یہ ہمارے خالق حقیقی کا فرمان اور وقت کا بھی تقاضا اور ضرورت ہے،محمد افتخار الدین نائب صدر جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم اپنے جو ضروری کاغذات ہیں وہ صحیح کرلیں اور ان میں اپنے ناموں کی تصحیح کریں،.

اخیر میں مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی نے مقامی اصلاحی کمیٹیوں کی تشکیل کا کام کیا، مقامی لوگوں نے اس ضروری کام کے کرنے کا وعدہ کیا، پروگرام میں مقامی علماء کرام اور عوام وخواص نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور جمعیت علماء ہند کے اس اصلاح معاشرہ کی مہم کو سراہا، اس اجلاس میں جالنہ سے جمعیت علماء کے ارکان میں سے مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی، محمد افتخار الدین نائب صدر، مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی، مولانا سید احسان ندوی، حافظ عبد السلام قریشی، .سید عمیر،ایڈوکیٹ محمد خرم عادل خان، سید فضیل حسینی وغیرہ تھے، اس اجلاس کو کامیاب طریقہ سےمنعقدکرنے میں مقامی امیر جماعت جناب منور صاحب اور ان کے ساتھیوں نے قابل تعریف کردار ادا کیااور مخلصانہ جدوجھد کی، اس کے لئے وہ حضرات شکریہ کے مستحق ہیں،

متعلقہ خبریں

Back to top button