تلنگانہ کی خبریں

ضلع محبوب آبادمیں آنگن واڑی سنٹر میں 30 سانپ کے بچے ، 2 بچھو

آنگن واڑی سنٹر

تلنگانہ : (اردودنیا.اِن) آنگن واڑی سینٹرس میں حکومت کے عہدیداروں کی جانب سے بچوں اور خواتین کو فراہم کی جانے والی سیکوریٹی پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا کیوں کہ منگل کو ضلع محبوب آباد میں نیلی کندور منڈل کے برہمنا کوتہ پلےمستقر میں ایک آنگن واڑی سنٹر کے اندر 30 سانپ کے بچے ( سپولے ) اور دو بچھو پائے گئے جسکی وجہ سے گاوں میں ہنگامہ مچ گیا۔ ذرائع کے مطابق ان موذی جانوروں کو اس سنٹر کی بلڈنگ کے اندر پہلے ایک خاتون نے دیکھا جو بچوں اور حاملہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا سربراہ کرنے کی ذمہ دار ہیں ۔

چند سپولوں (سانپ کے بچوں ) کو دیکھنے کے فوری بعدخاتون نے مقامی لوگوں کو اس کی اطلاع دی ۔ جس پر وہ فوری اس مقام پر پہنچ گئے ۔ کمرہ میں موجود پتھروں کو نکالا جس کے نیچے سانپ کے تقریبا 30 بچے پائے گئے ۔ گاؤں والوں نے مبینہ طور پر تمام سانپوں اور بچھوؤں کو مار ڈالا شکر ہے کہ اس وقت اس بلڈنگ میں کوئی خواتین یا بچے نہیں تھے ورنہ انہیں ضرر پہنچ سکتا تھا ۔ اس واقعہ کے بارے میں معلوم ہونے پر انٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سرویس ( ICDS ) کے عہدیداروں نے اس سنٹر کا معائنہ کیا اور اس بلڈنگ سے آنگن واڑی سنٹر چلانے کو معطل کرتے ہوئے احکام جاری کئے ۔

گاوں والوں کے مطابق یہ عمارت کچھ عرصہ سے خستہ حالت میں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ عہدیدار اس گاؤں میں ایک نئی آنگن واڑی بلڈنگ کی تعمیر کے لیے خاطر خواہ فنڈس جاری کریں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button