بین الاقوامی خبریں

فیس بک واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا استعمال نا کرے، جرمن کمشنر

برلن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جرمنی میں صارفین کے نجی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق ریگولیٹری اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا استعمال نا کرے۔ فیس بک نے واٹس ایپ کو دو ہزار چودہ میں خرید لیا تھا۔فیس بک کے بارے میں جرمنی میں یہ حکم شمالی جرمن صوبے ہیمبرگ میں عام صارفین کے نجی کوائف کے تحفظ کے نگران ریاستی کمشنر یوہانس کاسپار نے جاری کیا۔

انہوں نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ فیس بک کی طرف سے واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا استعمال کیے جانے سے یہ شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ یوں فیس بک کی طرف سے صارفین کے ایسے تفصیلی انفرادی پروفائل تیار کیے جا سکتے ہیں، جن کا بعد ازاں غلط استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ہیمبرگ کے ڈیٹا پروٹیکشن کمشنر کاسپار نے فیس بک کو واٹس ایپ صارفین کے کوائف استعمال کرنے سے روکنے کی وجہ واٹس ایپ کی وہ نئی پالیسی بتائی، جو یورپی یونین کے ڈیٹا پروٹیکشن قوانین کے عین منافی ہو سکتی ہے۔

فیس بک کے جرمنی میں صدر دفاتر ہیمبرگ میں ہیں اور اسی لیے اس کمپنی کو یہ حکم اسی جرمن صوبے کے ریگولیٹرز نے دیا ہے۔ فوری طور پر فیس بک کو کم از کم تین ماہ کے لیے واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا استعمال نا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔یوہانس کاسپار کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، یہ حکم اس لیے جاری کیا گیا ہے کہ جرمنی بھر میں ان کئی ملین صارفین کے نجی کوائف سے متعلق ان کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے،

جنہوں نے واٹس ایپ کو استعمال کرتے ہوئے ماضی میں اس کمپنی کی طرف سے خدمات کی شرائط کو قانوناً تسلیم کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ صارفین کو ان کے نجی کوائف کے ایسے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچایا جائے، جو غیر شفاف ہو اور نقصانات کا باعث بن سکتا ہو۔اس فیصلے کے جواب میں جرمنی میں فیس بک کے اعلیٰ نمائندوں نے کہا ہے کہ وہ تمام تر قانونی امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکے۔

ہیمبرگ میں ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹرز نے فیس بک کو جو حکم دیا ہے، اس کی وجہ واٹس ایپ کی اس کے صارفین کے لیے اعلان کردہ نئی پالیسی بنی۔ اس پالیسی کے تحت دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً1.5 بلین صارفین کو ایسی شرائط تسلیم کرنے کے لیے 15 مئی تک کا وقت دیا گیا ہے، جن کی وجہ سے فیس بک کو واٹس ایپ صارفین کے نجی ڈیٹا تک وسیع تر رسائی حاصل ہو جائے گی۔

اسی لیے واٹس ایپ کی طرف سے اس کے صارفین کو ان دنوں یہ مشورے بھی دیے جا رہے ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنی ایپ کو اپ ڈیٹ کر لیں اور ساتھ ہی اس کے استعمال کی نئی شرائط بھی تسلیم کر لیں۔جرمنی میں تقریبا? 82 ملین کی آبادی میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد 60 ملین کے قریب ہے جبکہ پوری دنیا میں واٹس ایپ کی انسٹنٹ میسجنگ سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد 1.5 بلین سے زیادہ بنتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button