بین الاقوامی خبریں

اسرائیلی فوج کے کریک ڈاون میں 10 خواتین سمیت 410 افراد گرفتار

جنین:(ایجنسیاں)فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 410 افراد کو حراست میں لیا گیا۔اطلاعات کو موصول ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقوں غرب اردن اور القدس میں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاون مہم جاری رکھی۔

اس دوران قابض فوج نے مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، سماجی کارکنوں، سیاسی شخصیات طلبا اور عام شہریوں کو گرفتار کیا۔ مارچ میں قابض فوج کے ہاتھوں 41 بچوں اور 10 خواتین سمیت 410 افراد کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔اسیران اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں فلسطینی رہ نمائوں کی سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ عروج پر رہا۔ سیاسی کارکنوں اور رہ نمائوں کی پکڑ دھکڑ کا مقصد آئندہ ماہ مئی میں فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو سبوتاڑ کرنا ہے۔

مارچ میں گرفتار کی جانے والی سرکردہ شخصیات میں رکن پارلیمنٹ حاتم قفیشہ، سابق وزیر عیسیٰ الجعبری ، سابق اسیر رہ نما مازن النتشہ شامل ہیں اور ان تینوں کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ راملہ میں رکن پارلیمنٹ الشیخ جمال الطویل کو حراست میں لیا گیا اور کئی گھنٹے حبس بیجا میں رکھنے کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔قابض فوج نے غزہ کی پٹی کی سرحد سے 4 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے تین غزہ کی مشرقی سرحد کے قریب تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button