قومی خبریں

ماہم میں پولیس کا روایتی صندل 29 دسمبر کو پیش ہوگا

ممبئی 17 دسمبر (ایجنسیاں ) حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمی رحمتہ اللہ علیہ کے آستانہ پر ممبئی پولیس اپنا روایتی صندل 29 دسمبر کو پیش کریگی اور مخدوم بابا کے اعزاز اور روایت کو برقرار رکھا جائے گا کیونکہ صندل آستانہ مخدومیہ کے اعزاز میں ہی پولیس پیش کرتی ہے اس کے بعد یہاں دس روزہ میلہ کا آغاز ہوتا ہے کورونا کی وجہ سے میلہ کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ روایتی صندل کو پولیس نے کورونا وبا کے اصولوں کے ساتھ اجازت دیدی ہے۔ ماہم درگاہ کے منیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ کورونا وبا کے سبب امسال میلہ کا انعقاد نہیں ہوگا لیکن روایتی صندل 29 دسمبر سے لے کر 7جنوری تک پیش کیا پہلا صندل پولیس پیش کریگی اس میں کورونا وبا کے اصول و ضوابط کی پابندی لازمی ہوگی اس لئے ہم نے صندل کمیٹیوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صندل میں بھیڑ بھاڑ سے گریز کریں کیونکہ صندل میں پیشی کے دوران صرف پانچ نفوس کو ہی درگاہ میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی اس کے ساتھ ہی درگاہ کے احاطہ میں رضا کاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو کورونا کی ایس او پی پر عمل آوری کرائی جائے۔
سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ مخدوم بابا کی شان و اعزاز میں ہر سال دسمبر میں پولیس اپنی عقیدت کا اظہار کر کے صندل پیش کرتی ہے اس میں کوئی کمی واقع نہیں ہوگی لیکن صرف میلہ کے پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا ہے کیونکہ کورونا وبا انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے اور بھیڑ بھاڑ کو قابو کرنا انتظامیہ و پولیس کیلئے بھی مشکل ہے اس لئے بی ایم سی نے میلہ کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا ہے اس کے ساتھ ہی پولیس بھی اپنے روایتی صندل کو تمام ایس او پی کے ساتھ ہی پیش کریگی درگاہ کمیٹیوں نے آستانہ مخدومیہ پر صندل پیش کر نے والی صندل کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے سبب امسال بھیڑ بھاڑ سے گریز کرتے ہوئے سادگی کے ساتھ صندل پیش کریں اس کے علاوہ ڈھول تاشہ کے ساتھ صندل لانے پر بھی ممانعت ہے درگاہ کے احاطہ میں ادب و احترام کو ملحفوظ رکھا جائیگا بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی اس لئے صندل کمیٹیوں سے گزارش ہے کہ وہ صندل پیشی کے دوران احترام کو ملحوظ رکھیں۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر سینٹرل ریجن نینشور چوہان نے کہا کہ امسال ماہم میلہ کی اجازت نہیں ہے بی ایم سی نے بھی اس سے انکار کر دیا ہے اسی لئے پولیس کا صندل بھی انتہائی سادگی کے ساتھ صرف ڈی سی پی اور ایک اہلکار ہی پیش کریں گے کیونکہ کورونا وبا کے سبب جلوس کی اجازت نہیں ہے اس لئے میری زائرین اور صندل کمیٹیوں سے گزارش ہے کہ وہ جلوس لانے سے گریز کریں اگر بابا مخدوم کی عقیدت میں زائرین کو چادر یا گلپوشی کرنا ہے تو وہ درگاہ کے اصول و ضوابط کے مطابق آستانہ پر حاضری دے سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کورونا وباکی وبا کی وجہ سے تمام جلوس پر پابندی عائد کی گئی ہے ماضی میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم جلوس غوثیہ بھی صرف دس نفوس پر ہی روایت کو برقرار رکھنے کیلئے نکالا گیا تھا اسی کے ساتھ ماہم بابا مخدوم کی بھی قدیم روایت ہے اس کو بر قرار رکھتے ہوئے پولیس صندل پیش کریگی اور کسی کو بھی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ڈی سی پی زون پانچ پرنیہ اشوک نے بتایاکہ امسال کورونا وبا کے سبب میلہ منسوخ کر دیا گیا ہے لیکن پولیس کا روایتی صندل کورونا کی گائڈ لائن اور روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آستانہ مخدوم پر پیش کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ بابا مخدوم سے پولیس کو بے پناہ عقیدت ہے اس لئے ہر سال یہاں صندل پیشی پہلے پولیس کرتی ہے اس کے بعد میلہ کا آغاز ہوتا ہے کورونا کی وجہ سے میلہ نہیں لگایا جائیگا یہاں دکانیں نہیں سجائی جائیگی کیونکہ بی ایم سی نے بھی اس کیلئے حکمنامہ جاری کر دیا ہے اس پر سختی سے عمل آوری ہوگی انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے سبب بی ایم سی اور سرکار کی گائڈ لائن پر عمل آوری ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صندل کمیٹیوں سے بھی ہم نے اپیل کی ہے کہ وہ صندل پیش کرنے کے دوران بھیڑ بھاڑ نہ کریں کیونکہ کورونا اصولوں کے مطابق ہی درگاہ انتظامیہ آستانہ پر حاضری دینے کی اجازت دیگی ایسی صورتحال میں پولیس کا سخت بندوبست درگاہ پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button