بین ریاستی خبریں

ممبئی کے صحافی کی ضمانت کی درخواست پر بند کمرے میں ہوگی سماعت

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی ہائی کورٹ نے عصمت دری کے معاملے میں ممبئی کے ایک صحافی کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواست پر بند کمرے میں سماعت پر جمعہ کو اتفاق کیا۔جسٹس مکتا گپتا نے کہا کہ کیس کی سماعت سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگی اور ٹی وی صحافی ورون ہیریماٹھ کی جانب سے پیش ہوئے وکلاء، شکایت دہندگان اور دہلی پولیس کے لئے الگ الگ ویب لنکس تیار کئے جائیں گے۔

عدالت نے کہا کہ آج کے لئے درج تمام مقدمات کی سماعت کے بعد اس معاملے پر سماعت ہوگی۔ ہیرماٹھ کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے اس معاملے پر بند کمرے میں سماعت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے اس معاملے میں اسٹیٹس رپورٹ درج کرائی ہے۔اس سے قبل9 اپریل کو عدالت نے اس صحافی کو اس معاملے میں 16 اپریل تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں پولیس تفتیش میں تعاون کرنا پڑے گا۔

اس معاملے میں عبوری ضمانت دیتے ہوئے صحافی کی درخواست پر عدالت نے پولیس اور شکایت کنندہ سے جواب مانگتے ہوئے نوٹس جاری کیاتھا۔اس سے قبل، صحافی کی عبوری ضمانت کی درخواست کو نچلی عدالت نے 12 مارچ کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد ملزم نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اس معاملے میں شکایت کنندہ 22 سالہ لڑکی نے الزام لگایا ہے کہ 20 فروری کو ہیراہماٹھ (28) نے چانکیا پوری کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اس کے ساتھ زیادتی کی تھی۔تاہم ملزم کے وکیل نے عدالت میں دعوی کیا ہے کہ شکایت کنندہ اور صحافی کے مابین جنسی تعلقات رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button