قومی خبریں

ممتا بنرجی کے ’مشورہ‘ نے لوگوں کو سی آئی ایس ایف پر حملہ کیلئے ابھارا : امت شاہ

کولکاتہ:(اردودنیا.اِن) وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے انتخابات کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 لوگوں کی موت کا ذمہ دار ممتا بنرجی کو قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ممتا بنرجی کی مرکزی سکیورٹی فورسز کے گھیراؤ کی اپیل کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کے مشورے نے ہی لوگوں کو بھڑکایا۔ واضح ہوکہ ہفتے کے روز کوچ بہار کے سیتال کوچی میں سی آئی ایس ایف کے ذریعہ کی گئی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے،

یہ فائرنگ ہجوم کے ذریعہ مرکزی فورس پر حملہ کرنے کے بعد کی گئی۔نادیہ ضلع کے شانتی پور میں روڈ شو کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی نے لوگوں کو مرکزی سکیورٹی فورسز کے گھیراؤ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ کیا اُن کی یہ اپیل سیتال کوچی میں ہونے والی اموات پر ذمہ دار نہیں ہے؟

ان کے مشورے کے بعد ہی لوگوں نے سی آئی ایس ایف پر حملہ کیا تھا۔غور طلب ہے کہ ان اموات کے سلسلے میں سی آئی ایس ایف نے کہا کہ اس کی طرف سے دفاعی ا پوزیشن کے تحت فائرنگ کی گئی تھی ، تاہم ہفتے کے روز ایک اور واقعے میں بی جے پی کارکن کو بھی سیتال کوچی میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ان 5 اموات کی وجہ سے سیتال کوچی میں کشیدگی کی فضا ہے۔

اس قتل کے تناظر میں سیاسی الزام تراشی کے ساتھ ہلاکتوں پر اظہار تعزیت بھی شروع ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی نے سی آئی ایس ایف کی فائرنگ سے جاں بحق 4 افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی، لیکن بی جے پی کارکن کی ہلاکت پر تعزیت پیش نہیں کی،

امت شاہ کے مطابق انہوں نے یہ کام اس لئے کیا کہ مہلوک بی جے پی کارکن کا تعلق راج ونشی برادری سے تھا ، جو ان کے لئے ووٹ بینک نہیں ہے۔ امت شاہ کے مطابق موت پر تعزیت نہ کرنا افسوسناک ہے ۔ امت شاہ نے کہا کہ پہلے تین مراحل میں پر امن ووٹنگ ہوچکی ہے ،اور اسی صورتحال کو مزید برقرار رکھنے کے لئے کوششیں کی جانی چاہیے۔

واضح ہوکہ 7 اپریل کو کوچ بہار میں ایک ریلی میں ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ سی آر پی ایف کے اہلکار امت شاہ کے کہنے پر لوگوں کو ہراساں کررہے ہیں ،ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا تھاکہ عوام گرو پ بنانے اور مرکزی سکیورٹی فورسز کا گھیراؤ کریں ،یہ گروہ ان سے بات کریں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button