بین ریاستی خبریں

مودی کا عمران خان کو خط صحیح سمت میں درست قدم:محبوبہ مفتی

سری نگر: (اردودنیا.اِن)پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روزکہاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو خط صحیح سمت میں ایک قدم ہے اورامید ہے کہ اس سے بات چیت اور مفاہمت کے عمل کو تحریک ملے گی۔انہوں نے ٹویٹرپر کہا ہے کہ وزیراعظم مودی کی اپنے پاکستانی ہم منصب سے رابطے کی کوشش صحیح سمت میں ایک قدم ہے۔ جیسا کہ واجپئی جی کہتے تھے کہ کوئی بھی اپنے دوستوں کو تبدیل کرسکتا ہے ،

لیکن اپنے پڑوسیوں کو نہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس سے مکالمہ اور مفاہمت کا عمل شروع ہوگا۔ کشمیر کو امن کی ضرورت ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ایک خط لکھا اور پڑوسی ملک کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

انہوں نے خط میں کہاہے کہ ایک ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ، ہندوستان پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس کے لیے اعتمادکی فضااور دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول لازمی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button