
مہاراشٹرا: سی ایم ادھو نے ویرار اسپتال حادثے کی تحقیقات کا دیا حکم مریضوں کو دوسری جگہ کیا گیامنتقل
ممبئی:(اردودنیا.اِن) مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ادھوو ٹھاکرے نے جمعہ کے روز پال گھر ضلع کے ویرار میں نجی اسپتال میں آگ لگنے سے 13 کوویڈ 19 مریضوں کی ہلاکت پر غم کا اظہار کیا اور مقامی انتظامیہ کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔چیف منسٹر آفس (سی ایم او) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹھاکرے نے آگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر انتظامی عہدیداروں سے بات کی۔
انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کریں۔بیان میں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مکمل طور پر آگ بجھانے کو ترجیح دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسپتال میں داخل دیگر مریضوں کا علاج متاثر نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وجئے ولبھ اسپتال ایک نجی اسپتال ہے اور اس کی تحقیقات کی جائے گی کہ وہاں حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جارہا تھا یا نہیں ۔
حکام کے مطابق آگ جمعہ کی صبح تین بجے لگی جس میں پانچ خواتین اور آٹھ مرد شامل تھے۔ ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہاکہ ورار میں وجئے ولبھ اسپتال کے آئی سی یو میں لگنے والی آگ میں 13 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ ایک بہت ہی بدقسمتی اور تکلیف دہ حادثہ ہے۔ وزیر اعلی ٹھاکرے نے حادثے کی گہرائی سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ دو دن پہلے مہاراشٹر کے ناسک کے ایک اسپتال میں آکسیجن لیک ہونے کے واقعے کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔
کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے آکسیجن کا رساو ہوگیا تھااور وینٹی لیٹر پر رکھے ہوئے مریض آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اوراس کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ویرار اسپتال آگ حادثے پر غم کا اظہار کیانئی دہلی،23؍ اپریل (آئی این ایس انڈیا)نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے مہاراشٹر کے ویرار میں واقع کوویڈ اسپتال حادثے میں مریضوں کی ہلاکت کے واقعہ پر غم کا اظہار کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔نائب صدر سکریٹریٹ نے ٹویٹ میں نائیڈو کے حوالے سے بتایا کہ مہاراشٹرا کے ویرار میں واقع کوویڈ اسپتال میں آگ لگنے سے ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں جان کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دعائیں غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہیں۔ میری دعا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد جلد صحت یاب ہوجائیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جمعہ کے روز مہاراشٹر کے ویرار میں واقع نجی اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 13 مریض دم توڑ گئے۔
اسپتال کے آئی سی یو میں آگ لگ گئی تھی ۔ اس واقعے کے وقت آئی سی یو میں 17 مریض تھے۔ چار مریضوں کو بچایا گیا اور انہیں علاقے کے دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔



