
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان آکسیجن کا بحران بھی گہرا ہوتا جارہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے ملک کی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کو ایک خط لکھ کر آکسیجن کے لئے تعاون کی درخواست کی ہے۔دہلی کے سی ایم کجریوال نے خط میں کہا ہے کہ دہلی میں میڈیکل آکسیجن پیدا نہیں ہوتی ہے اور یہاں کوئی میڈیکل آکسیجن فیکٹری بھی نہیں ہے ، لہذا اس کی مدد کرنے کے لئے جو بھی ہوسکے ،وہ ضرور تعاون کریں ۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے دیگر ریاستوں کے اپنے ہم منصب وزرائے اعلیٰ کو ایک خط لکھ کر آکسیجن کی فراہمی کی درخواست کی ہے۔ خط میں کجریوال نے کہا کہ مرکزی حکومت ہماری مدد کر رہی ہے ، لیکن کرونا نامی وبا ایسی ہے کہ فراہم کیے جانے والے تمام وسائل ناکافی ہورہے ہیں ۔آکسیجن کی فراہمی کے تعلق سے دہلی کے اسپتالوں میں قیامت صغریٰ قائم ہے ۔
اسپتالوں پر بہت دباؤ ہے جہاں چھوٹے اور بڑے اسپتالوں میں محض اگلے چند گھنٹوں تک کی فراہمی محدود ہے۔ وہیں لرزہ خیز مناظر اسپتالوں کے باہر بھی دیکھے جاتے ہیں ، جہاں ایمبولینسوں کی قطاریں ہیں۔ روتے بلکتے رشتے دار مریضوں کو ایڈمٹ کرنے کی التجا کررہے ہیں ، مریض کی سانسیں اکھڑ رہی ہیں ، اور اسپتال انتظامیہ ایمرجنسی سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے ۔



