نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سے دونوں ریاستوں میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ تاہم وزیر اعظم اور دونوں وزرائے اعلی کے مابین کیا بات چیت ہوئی اس کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی گئی۔
گذشتہ کچھ دنوں سے وزیر اعظم کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہر روز ریاستوں کے وزرائے اعلی سے بات چیت کر رہے ہیں۔انہوں نے جمعہ کے روز منی پور ، تریپورہ اور سکم کے وزرائے اعلی سے بات کی ، جبکہ اس سے قبل انہوں نے آندھرا پردیش ، اڑیشہ ، جھارکھنڈ اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ سے ان کے ریاستوں میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بات کی تھی۔
وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنرز سے بات چیت کرکے بھی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ ملک میں کورونا کے 4187 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 2 لاکھ 38 ہزار 270 ہوگئی ، جب کہ 401078 نئے کیس درج ہوئے ، ہفتے کے روز کل کیسز بڑھ کر 21892676 ہو گئے۔ ہفتے کے روز مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 54000 نئے کیس ریکارڈ ہوئے۔ اموات کے نئے کیسزمیں سب سے زیادہ 898 اموات مہاراشٹرا میں ہوئیں۔ ملک میں کل 238270 اموات میں سے 74413 مہاراشٹرا سے ہیں۔



