جئے پور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان میں ضلع الور کے رام گڑھ تھانہ علاقہ کے چوما گاوں میں ایک ٹرک میں آگ لگنے سے جھلسے چاروں بچوں کی موت ہوگئی۔پولیس سب انسپکٹراوم پرکاش مینا نے بتایا کہ ہفتہ کی شام چوما گاوں میں سڑک پر کھڑے ٹرک میں آگ لگ جانے سے یہ چاروں بچے شدید طورپر جھلس گئے تھے۔ ان میں تین بچوں عظیم خان (6)، امن (7) اورارمان (8) کو ہفتہ کی دیرشب جئے پورریفرکیاگیا لیکن تینوں نے راستے میں ہی دم توڑدیا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید طورسے جھلسے چوتھے بچے شاہ رخ (6) کی بھی اتوار کوالورکے ایک پرائیویٹ اسپتال میں موت ہوگئی۔گووند گڑھ تھانہ علاقہ کے بارولی گاوں کے رہائشی انور دہلی سے ٹرک خالی کرکے اپنے گھرجاتے وقت راستے میں چوماگاوں میں سڑک پرٹرک کھڑاکرکے اپنے سسرال چلاگیا۔ پیچھے سے سسرال کے لوگوں کے یہ بچے ٹرک میں کھیلنے کے لئے چڑھ گئے۔
کچھ دیربعد پڑوس میں رہنے والے نوجوان نے ٹرک میں آگ لگتے دیکھ کرشورمچایا اورلوگ آگ بجھانے میں لگ گئے۔ اسی درمیان پتاچلا کہ ٹرک میں بچے بھی ہیں۔ لوگوں کے ذریعہ کڑی مشقت کے بعد جلتے ٹرک میں سے چاروبچوں کو باہر نکال کر فوراًالورلے جایا گیا۔



