
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے قومی نظام میں ایک بڑی تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ رات کئی بڑے شہروں سمیت تقریبا? سارا ملک تاریکی میں ڈوبا رہا۔ آج اتوار کے دن ملک کے زیادہ تر حصوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملک کے نیشنل پاور گرڈ میں یہ بہت بڑی تکنیکی خرابی نو اور دس جنوری کی درمیانی رات نصف شب سے کچھ پہلے پیدا ہوئی اور اس وجہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت متعدد بڑے شہروں کے علاوہ ملک کے کئی دیگر علاقے بھی تاریکی میں ڈوب گئے۔اس بلیک آؤٹ کے چند گھنٹے بعد پاکستانی وزیر توانائی عمر ایوب نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،
جس کا آغاز اسلام آباد سے ہو گا۔ اس کے بعد آج اتوار دس جنوری کی صبح عمر ایوب نے کہا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ملک بھر میں اس بلیک آؤٹ کی اطلاع پہلے عام صارفین نے سوشل میڈیا پر دی تھی، جس میں شہریوں نے کہا تھا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت کئی بڑے شہروں کو بجلی کی فراہمی نصف شب سے کچھ پہلے معطل ہو گئی تھی اور یہ سبھی شہر پوری طرح اندھیرے میں ڈوب گئے تھے۔



