
برسبین ،19؍جنوری (اردودنیانیوز ) گابا ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں رشبھ پنت نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 1000 رنز مکمل کیے۔ 1000 ٹیسٹ رنز مکمل کرنے کے معاملے میں انہوں نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ پنت ہندوستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 1000 رنز بنانے والے سب سے تیز وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔
رشبھ نے ہندوستان کے تجربہ کار اور سابق وکٹ کیپر ایم ایس دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ دھونی نے وکٹ کیپر کی حیثیت سے ٹیسٹ میں 32 ویں اننگز میں 1000 رنز بنانے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ لیکن پنت نے اپنی صرف 27 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
اس معاملے میں 3 نمبر پر فاروق انجینئر ہیں جنہوں نے 36 ویں اننگز میں 1000 ٹیسٹ رنز مکمل کیے۔ اس کے علاوہ چوتھے نمبر پر وریدھیمان ساہا ہیں۔ سہا ٹیسٹ میں 37 ویں اننگز میں 1000 رنز مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ نین مونگیا نے 39 ، سید کرمانی 45 اور کرن مور نے 50 ویں اننگز میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کئے۔




