پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسلسل آٹھویں دن بھی جاری
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ منگل 16 فروری 2021 کو آٹھویں دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی میں جہاں پٹرول 95 روپئے سے زیادہ فروخت ہو رہا ہے ،وہیں دہلی میں پٹرول 90 روپئے پہنچنے والا ہے۔
منگل کے روز آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ملک بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں 26-30 پیسے کا اضافہ کیا ہے ، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں 38 – 33 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔منگل کواضافے کے بعد دہلی میں پٹرول کی قیمت 89. 29 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 79.70 روپئے فی لیٹر کردی گئی ہے،
اور ممبئی میں پٹرول کی قیمت 95.75 روپئے فی لیٹر پر چل رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیزل بھی 87.72 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔اگر آپ دیگرمیٹرو سٹی کی بات کریں تو کولکاتہ میں بھی پیٹرول 90 روپئے سے تجاوز کرگیا ہے۔
یہاں پٹرول 90.54 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 83.29 روپئے فی لیٹرہے ۔ چنئی میں پٹرول 91.45 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 84.77 روپئے فی لیٹر ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر عام آدمی کو لوٹ رہی ہے حکومت:کانگریس
سرکاری تیل کمپنیاں گزشتہ ایک ہفتہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کررہی ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ایندھن کی قیمتوں میں آج بھی اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ملک میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اسی دوران کانگریس نے پیٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں پر مودی سرکار کو نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما رندیپ سورجے والا نے ٹویٹ کیا ہے کہ حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں لوٹ مار کررکھی ہے۔ حکومت کی جانب سے عام آدمی کے خون اور پسینے کی کمائی کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے لوٹا جارہا ہے۔ جبکہ اصل قیمتیں بہت کم ہیں۔
کانگریس کے رہنما رندیپ سورجے والا نے اپنے ٹویٹ میں پٹرول کی اصل قیمت بتائی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ عام آدمی کو پٹرول اور ڈیزل کتنا مہنگا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی اصل قیمت صرف 33.46 روپئے فی لیٹر ہے اورپٹرول کی قیمت صرف 31.82 روپئے فی لیٹر ہے۔اس میں کمپنیوں کا نفع بھی شامل ہے۔ایندھن اس قیمت پر نہیں بلکہ قیمت میں بہت زیادہ اضافہ کرکے عام آدمی کو فروخت کیا جارہا ہے۔