قومی خبریں

پی ایم کے نئے گھر ’سنٹرل وسٹا‘ پر کروڑوں خرچ کرنے کے بجائے لوگوں کی زندگی بچانے پر توجہ دے حکومت :پرینکا گاندھی

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک میں کورونا بحران پر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا ہے۔ پرینکا نے سنٹرل وسٹا منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے لئے نیا مکان بنانے کے لئے کروڑوں روپئے خرچ کرنے کے بجائے اگر یہ رقم مریضوں پر خرچ کی جائے تو کتنے مریضوں کی جان بچ جائے گی۔ پرینکا گاندھی نے سنٹرل وسٹا کو وزیر اعظم نریندر مودی کا نیا گھر بتایا ہے۔

انہوں نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کورونا کے ساتھ جدوجہد کررہا ہے۔ اسپتالوں میں بستر نہیں ، آکسیجن کی شدید قلت ہے ، دوائیں اور ویکسین لوگوں کو بروقت دستیاب نہیں ہیں اور ایسی صورتحال میں حکومت ان چیزوں پر توجہ دینے کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کا نیا مکان بنانے کے لئے کروڑوں روپئے خرچ کررہی ہے۔

در اصل آج صبح پرینکا گاندھی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سنٹرل وسٹا اور آکسیجن کی کمی سے ہونے والی اموات کی کچھ خبروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب ملک کے عوام آکسیجن ، ویکسین ، اسپتال میں بستر ، ادویات کی کمی سے جدوجہد کر رہے ہیں تب 13000 کروڑ سے پی ایم کا نیا مکان تعمیر کرنے کے بجائے سارے وسائل لوگوں کی جان بچانے کے لیے لگاتے تو بہتر ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اخراجات عوام کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ حکومت کی اولین ترجیح کسی اور چیزوں میں ہے۔ واضح رہے کہ سینٹرل وسٹا دسمبر 2022 تک تیار ہونا ہے۔ اس پورے منصوبے میں 13 ہزار 450 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button