ممبئی: بالی ووڈ میں ڈرگس کنکشن معاملے میں اب مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک کے رشتہ دار کا نام سامنے آیا ہے۔ ڈرگس معاملے کی جانچ کر رہی نارکوٹکس بیورو (این سی بی) نے ادھو ٹھاکرے حکومت میں کابینہ وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر نواب ملک کے داماد سمیر خان کو نوٹس بھیجا ہے اور پوچھ گچھ کے لئے دفتر بلایا ہے۔ نواب ملک کی بیٹی نیلوفر کے ساتھ سمیر خان کی شادی ہوئی ہے۔ممبئی میں 200 کلو ڈرگس ضبط کرنے کے معاملے میں سمیر خان کو نارکوٹسک کنٹرول بیورو (این سی بی) کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔
کابینی وزیر نواب ملک کے داماد سمیر خان کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق، سمیر خان اور ڈرگس پیڈلر کرن سجنانی کے درمیان 20 ہزار روپئے کی لین دین ہوئی تھی۔ ڈرگس معاملے میں بالی ووڈ سے لے کر ٹی وی فنکاروں تک این سی بی نے شکنجہ کسا ہے۔ میک اپ آرٹسٹ سے لے کر کامیڈی فنکاروں تک کی گرفتاری ہوئی ہے۔ ڈرگس کاروباری ہوں یا استعمال کرنے والے سبھی سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ مہاراشٹر سے باہر نکلیں تو تازہ معاملہ میں کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں این سی بی کی ٹیم نے سابق وزیر کے بیٹے کو ڈرگس معاملے میں گرفتار کیا تھا۔



