
ہم کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے پرینکاگاندھی سمیت کانگریس لیڈران کی گرفتاری کسانوں کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے
ممبئی:24/ڈسمبر(ای میل) مرکزی حکومت کے ذریعے کسانوں پر مسلط کردہ تینوں زرعی قوانین کی منسوخی کے لیے کانگریس نے سخت موقف اختیار کررکھا ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کو آج دو کروڑ کسانوں کے دستخط سونپنے کے لیے جارہے کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی سمیت کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ممبران نیز دیگر لیڈران کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر بالاصاحب تھورات نے کہا ہے کہ ہم مودی حکومت کی آمریت وجبر کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ کسانوں کے حقوق اورجمہوریت کے تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ تھورات یہاں پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس فورس کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈران کے خلاف جو کارروائی کی ہے وہ جمہوریت کا گلاگھوٹنے کے مانند ہے۔ اپوزیشن کے ذریعے سوال کرنا بی جے پی حکومت کو برداشت نہیں ہوتا ہے۔ اس ٹولے کا جمہوریت وآئین پر یقین نہیں ہے۔ حکومت کے خلاف اٹھنے والی تمام آوازوں کوبند کرنے اور انہیں دبانے کے لیے ظلم ودہشت کا مظاہرہ اور پولیس فورس کا استعمال ہی بی جے پی حکومت کا طریقہ کار ہے ۔ حکومت کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہی بی جے پی کی پالیسی بن گئی ہے۔ احتجاج کرنے والوں کسانوں کو خالصتانی وملک مخالف قرار دے کر بی جے پی انہیں بدنام کرنا چاہتی ہے۔ لیکن کسانوں کا عزم مضبوط ہے اور یہ تینوں سیاہ قوانین جب تک رد نہیں ہوجاتے کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔
بالاصاحب تھورات نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اپنی سفاک اکثریتی طاقت کی بنیاد پر بغیر کسی بحث ومباحثے کے زرعی قوانین منظور کرلیا۔ ان سیاہ قوانین کے خلاف ملک بھر کے کسان متحد ہوکردہلی کی سرحد پر شدید سردی کے عالم میں تقریبا ایک مہینے سے بیٹھے ہوئے ہیں۔لیکن مرکز کی بی جے پی کی ہٹ دھرم حکومت نے کسانوں سے بات چیت کرنے تک کے لیے تیار نہیں ہے۔ ان کسانوں کے ساتھ کانگریس پارٹی مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور کسانوں کی آواز کوبلند کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے ان سیاہ قوانین کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ اسی احتجاج کے طور پر آج کانگریس کے لیڈران صدرجمہوریہ کو کسانوں کے دو کروڑ دستخط کے ساتھ میمورنڈم سونپنے کے لیے جارہے تھے۔ کسانوں کے دستخطی مہم میں مہاراشٹر سے 60لاکھ کسانوں نے اپنے دستخط جمع کیے تھے جنہیں صدرجمہوریہ کو آج سونپا جاناتھا۔ راشٹرپتی بھون تک جانے والے اس وفد میں مہاراشٹر کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل بھی موجود تھے۔ کسانوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں انصاف دلانے نیز ملک میںجمہوریت کو بچانے کے لیے کانگریس بی جے پی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی




