
بنجارہ ہلز میں سب انسپکٹر کی ہمدردی عوام میں موضوع بحث
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)لاک ڈاون کے دوران پولیس کی جانب سے سختی کے کئی معاملات روزانہ منظر عام پر آرہے ہیں لیکن بنجارہ ہلز علاقہ میں ایک منفرد واقعہ پیش آیا جس میں پولیس نے کتے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے مالک کو لاک ڈاون کے دوران جانے کی اجازت دے دی ۔ انسانوں پر سختی لیکن کتے پر مہربانی کے اس واقعہ نے عوام میں نئی بحث چھیڑدی ہے۔
بتایا جاتاہے کہ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں فلم نگر سی وی آر جنکشن کے قریب چیک پوسٹ پر تلاشی مہم جاری تھی۔ لاک ڈاون کے دوران نکلنے والی گاڑیوں کی تلاشی لیتے ہوئے چالانات کئے جارہے تھے۔ اسی دوران ایک کار میں کتے کے ساتھ ایک شخص پہنچا ، سب انسپکٹر نوین ریڈی نے کار مالک سے لاک ڈاون میں نکلنے کی وجہ دریافت کی جس پر اس شخص نے کہا کہ سر ! میرے کتے کے بچے کو بخار آچکا ہے۔
اس کی طبیعت کافی خراب ہے، اسے دوا نہیں دی گئی تو وہ مرجائے گا ۔ اس کی حالت دیکھی نہیں جاتی لہذا ڈاکٹر کے پاس لے جارہا ہوں۔ اس شخص نے کتے کے بچہ کو گاڑی سے باہر نکال کر دکھایا۔ وہاں موجود پولیس عہدیدار اور ملازمین کی سمجھ سے باہر تھا کہ اس صورتحال میں آخر کیا کریں کیونکہ لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے اس طرح کا پہلا معاملہ درپیش ہوا تھا ۔
پولیس عہدیدار نوین ریڈی نے کتے کے بچہ کی حالت دیکھنے کے بعد کار مالک سے دریافت کیا کہ واقعی وہ ہاسپٹل جارہے ہیں یا گھومنے نکلے ہیں، کار مالک نے کہا کہ وہ سیدھے ہاسپٹل علاج کیلئے لے جارہے ہیں۔ اطمینان حاصل ہونے کے بعد گاڑی کو جانے کی اجازت دے دی گئی ، وہاں موجود دیگر افراد جنہیں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر روک دیا گیا تھا، اس واقعہ سے حیرت میں پڑگئے ۔



