کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران تشدد میں 300 سے زائد پولیس اہلکار زخمی: دہلی پولیس

نئی دہلی : (اردودنیا.ان) دہلی کے قومی دارالحکومت میں یوم جمہوریہ کے موقع پر کسان ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد میں 300 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی پولیس نے بدھ کے روز اس کے بارے میں معلومات دی ۔
بدھ کی صبح تک پولیس نے تشددکے معاملات میں کل 22 ایف آئی آر درج کی ہیں۔لوک نائک اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سریش کمار نے بتایا تھا کہ کل ٹریکٹر پریڈ میں زخمی ہونے والے کل 86 افراد کو اسپتال لایا گیا تھا۔ ان میں 74 پولیس اہلکار اور 12 مظاہرین شامل تھے۔ 86 افراد میں سے 22 کو لوک نائک اسپتال اور 64 کو سشروٹا ٹراما سنٹر میںعلاج کے لئے لائے گئے تھے۔
سریش کمار نے بتایا کہ بدھ کے روز 5 ایڈمٹ گئے ہیں۔ باقی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔ فی الحال داخل علاج پانچ میں سے تین پولیس اہلکاروں کے سر میں چوٹ اور فریکچر کی پریشانی ہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ مکربا چوک ، غازی پور ، آئی ٹی او ، سیماپوری ، نانگلوئی ٹی پوائنٹ ، ٹکری بارڈر اور لال قلعے میں ہونے والے تشدد میں زیادہ تر پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے آٹھ ڈی ٹی سی بسوں سمیت 17 نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
غازی پور ، سنگھو اور ٹکری سرحدوں پر مظاہرین نے پولیس کے بیریگیڈس بھی توڑے۔واضح رہے کہ دہلی پولیس نے راج پتھ پر یوم جمہوریہ کی سرکاری پریڈ ختم ہونے کے بعد مقررہ راستوں پر ٹریکٹر پریڈ کی اجازت دی تھی ، لیکن اس وقت انتشار کی صورتحال پیدا ہوگئی جب کسان وسطی دہلی کی طرف جانے کی ضد پر اڑ گئے ۔ کسانوں نے پریڈ کا آغاز طے شدہ شیڈول سے پہلے ہی کردیا تھا اور وہ دہلی میں آئی ٹی او پہنچ گئے اور لوٹین دہلی میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے ۔



