نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک کی وفاقی انسداد دہشت گردی کمانڈو فورس، نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) میں بدھ کے روز کورونا وائرس سے پہلی موت کا واقعہ پیش آیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایک سینئر کمانڈر انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ گروپ کمانڈر (کوآرڈینیشن) بی کے جھا کو کووڈ19 سے متاثر ہونے کی وجہ سے گریٹر نوئیڈا کے سنٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جھا کا بدھ کے اوائل میں اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
این ایس جی میں کورونا وائرس کی وجہ سے موت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ افسران فورس کے انتظامی یونٹ میں کام کرتے تھے۔ ان کی عمر 53 سال تھی۔بی ایس ایف کیڈر کا 1993 بیچ آفیسر جھا بہار سے تھا۔ انہوں نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) سے 2018 میں ڈیپوٹیشن پر این ایس جی میں شمولیت اختیار کی۔مرکزی وزارت داخلہ کے ماتحت دونوں فورسز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے افسر کی ہلاکت پر افسوس کااظہارکیا ہے۔
این ایس جی نے ایک ٹویٹر پیغام میں کہاکہ تمام ڈی جی اور این ایس جی اہلکار جھا کی موت پر تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ان کی روح کو سکون نصیب ہو اور ان کے اہل خانہ کو دکھ برداشت کرنے کی ہمت ہو۔ بی ایس ایف نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ افسر کے کنبہ کے ساتھ ہیں۔



