کورونا وبا کے درمیان بے تحاشہ ریلیوں پر امت شاہ کا بے تکا بیان کہا جہاں الیکشن نہیں وہاں زیادہ معاملات،جلد بازی میں لاک ڈاون نہیں
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)کورونا وائرس کے ریکارڈ واقعات کے درمیان وزیر داخلہ امت شاہ نے انتخابی ریاستوں میں سیاسی ریلیوں کا دفاع کیا ہے۔ شاہ کا استدلال ہے کہ جن ریاستوں میں انتخابات نہیںہیںوہاں معاملات زیادہ بڑھے ہیں۔ شاہ نے انگریزی اخبار دی انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ کیا مہاراشٹر میں الیکشن ہورہا ہے؟ یہاں 60000 معاملات ہیں،
یہاں (مغربی بنگال)میں 4000 ہیں۔شاہ نے کہاکہ میں مہاراشٹر کے لئے فکر مند ہوں ، اسے انتخابات کے ساتھ جوڑنا ٹھیک نہیں ہے۔ کن کن ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں؟ جہاں انتخابات نہیں ہیں وہاں زیادہ بڑھے ہیں۔ اب آپ کیا کہیں گے؟۔
وزیر داخلہ نے پوچھا کہ کیا کووڈ کے دوران شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے ہونے چاہئیں؟۔وزیر داخلہ سے کہا گیا تھا کہ جلسوں کے دوران بھیڑ میں کسی کوماسک نہ لگاتے، معاشرتی دوری پرعمل نہ کرتے ہوئے دیکھ کرکیسالگتاہے؟۔
اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کو محتاط رہنا چاہئے اور وہ احتیاطی تدابیر لے بھی رہے ہیں۔ انتخابات جمہوریت کا ایک اہم حصہ ہیں، جب انتخابات کا اعلان ہو جاتا ہے تو ہمارے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہوتا ہے۔
امیت شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن لگانے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ شاہ نے کہاکہ ابتدائی طور پر لاک ڈاؤن کا مقصد مختلف تھا، ہم انفراسٹرکچر اور علاج کیلئے تیاری کرنا چاہتے تھے، ہمارے پاس کوئی دوا یا ویکسین نہیں تھی، اب صورتحال مختلف ہے۔،پھر بھی ہم وزر اء اعلی سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں، جو بھی اتفاق رائے قائم ہوگا، ہم اسی کے مطابق آگے بڑھیں گے لیکن جلدبازی میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال نظر نہیں آتی ہے۔



