
ترووننت پورم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کوویڈ۔ 19 وبائی امراض کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ہفتہ کی صبح سے ہی مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ ریاست بھر میں دکانیں بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ لوگوں کی سڑک پر بھی پابندی ہے۔سرکاری ذرائع نے یہاں بتایاہے کہ یہ پابندیاں صبح چھ بجے سے نافذ ہوگئیں اور 16 مئی کی آدھی رات تک نافذ العمل رہیں گی۔
ریاستی حکومت نے نودن تک مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ کیاہے۔جب لاک ڈاؤن ہوتا ہے تو صرف ضروری خدمات کو چھوٹ دی جاتی ہے اور لوگوں کو عوامی مقامات پر جمع ہونے یا غیر ضروری سفر کے خلاف سختی سے متنبہ کیا جاتا ہے۔پولیس نے صبح سے ریاست میں گشت میں اضافہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی معقول وجہ کے بغیر باہر نہیں نکل سکتا ہے۔
ہدایات پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں تقریباََ 25000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پولیس نے کہاہے کہ لاک ڈاؤن ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ کیرالا میں 35 سے زیادہ ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے سخت اقدامات ہیں اور لوگوں کو سفر سے بازرہنے کی اپیل کی ہے۔



