
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوارکے روز سب کوحیران کر ڈالا جب ان سے این سی پی رہنما شرد پوار سے ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا۔ امت شاہ نے نہ تو اس کی تصدیق کی اور نہ ہی انکار کیا۔امت شاہ نے کہا ہے کہ ہر چیزکوعام کرناضروری نہیں ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ہفتے کے روز احمد آباد میں ملاقات ہوئی۔ شرد پوار کی پارٹی این سی پی مہاراشٹرا میں حکمراں مہا وکاس اگھاڑی میں شامل ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ہیں۔
ممبئی پولیس کے سابق کمشنر پرمبیر سنگھ نے ان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ مکیش امبانی کے معاملے کی تحقیقات میں سنگین غلطی کے انکشاف کے بعد پرمبیر سنگھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ پرمبیر سنگھ نے دیش مکھ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ 100 کروڑ کی وصولی کا ریکیٹ چلا رہے ہیں۔



