شملہ:5/جنوری(ایجنسیز) ہماچل پردیش میں برڈفلو کے دستک دیتے ہی ضلع کانگڑا کے پونگ باندھ کے آس پاس برڈفلو سے مہاجر پرندوں کی موت کے اعدادوشمار دوہزار سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ بھوپال کی جانوروں کی بیماری کے انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وائلڈ لائف ونگ بہت محتاط ہوگئی ہے۔ اس تعلق سے محکمہ جنگلات نے ہمسایہ پنجاب، ہریانہ، راجستھان، جموں کشمیر، اتراکھنڈ دہلی سمیت متعدد ریاستوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں کے مہاجر پرندوں کی سرگرمیوں پر نظررکھیں۔ ہماچل میں پایا گیا برڈفلو عام فلو نہیں ہے، یہ پرندوں سے انسان میں بھی پھیل سکتا ہے۔