ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کوارجنٹینا کی بی ٹیم نے دی شکست
بیونس آئرس ،25؍جنوری (اردودنیا.اِن ) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو ارجنٹینا ’بی‘ کے ہاتھوں ایک دلچسپ مقابلے میں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجنٹائن کے دورے پر ہندوستانی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔
ہندوستان کی طرف سے سلیمہ ٹیٹے اور گورجیت کور نے گول کیا جبکہ ارجنٹائن کے لئے سول پگیلا،کانسٹانزا سرندولو اور آگسٹینا گورجیلینی نے گول کیا۔ہندوستان پہلے کوارٹر میں بہترین شروعات کی۔پہلے ہی منٹ میں اسے پینلٹی کارنر ملالیکن ہندوستان اس کا فائدہ نہیں اٹھاسکا۔
ہندوستانی ٹیم نے مواقع بنانے کی کوشش جاری رکھی اور چھٹے منٹ میں ٹیٹے نے گول کیا۔ ہیڈ کوچ سورڈ مارن نے کہا کہ میچ میں ہماری بہت اچھی شروعات تھی لیکن ہم پینلٹی اسٹروک پر گول نہیں کرسکے۔ پہلے کوارٹر میں ہم نے ارجنٹائن کو باندھ کررکھا لیکن دوسرے کوارٹر میں انہوںنے بہتر کھیل دکھایا۔
پگیلا نے دوسرے کوارٹر میں ایک برابری کا گول کیا لیکن ہندوستانی ٹیم تیسرے کوارٹر میں یکے بعد دیگرے دو گول گنوائے جس کی وجہ سے وہ بیک فٹ پر چلی گئی۔ مارن نے کہا کہ میرے خیال میں ان دونوں گول کو روکا جاسکتا تھا۔ ہم نے انہیںصرف پانچ مواقع بنانے دئیے لیکن ان میں سے دو مواقع پر ہم نے گول کرنے کی چھوٹ دے دی۔ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ اب دنیا میں نمبر دو ارجنٹینا سے ہوگا۔




