بین ریاستی خبریںسرورق

یو پی: کروناوائرس اب رام کے بھروسے،جے شری رام لکھے ماسک کی ڈیمانڈ میں شدت

لکھنؤ:(اردودنیا.اِن)کرونا وائرس کی بدترین دوسری لہر نے ملک کے ساتھ ہی اتر پردیش میں بھی ستم خیزی کی نئی داستان لکھ رہی ہے ۔ مہاراشٹر کے بعد ملک میں سب سے زیادہ فعال کیسز والی ریاست اتر پردیش ہی ہے، جہاں ہر خاص و عام انفیکشن کا شکار ہوتا نظر آرہاہے۔ یوگی سرکار کی ناقض انتظامیہ کی وجہ سے بھی ریاست میں کرونا کی حالت ابتر ہوئی ہے ،اور اپوزیشن پارٹی لیڈران اس تعلق سے حملہ آور بھی ہیں۔

لیکن اس کے با وجود یاست میں اس وقت جو فضابن چکی ہے ، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے سب کچھ ’بھگوان بھروسے‘ چھوڑ دیا گیا ہے۔ شاید یہی سبب ہے کہ یو پی میں ’جے شری رام‘ لکھے ہوئے ماسک کی ڈیمانڈ میں اچانک زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔امین آباد میں ہول سیل ماسک دکاندار رمیش چندر گپتا کے مطابق ویسے تو اس وبا کے دور میں لوگ ماسک جان بچانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں،

لیکن جے شری رام لکھے ماسک کا مطالبہ کچھ زیادہ ہی بڑھ گیا ہے، ایک کھیپ ایسے ماسک کی ختم بھی ہو چکی ہے اور مزید ماسک کے لیے آرڈردیئے جاچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ پنچایت الیکشن میں بھی لوگ کافی ماسک یہیں سے خرید رہے ہیں اور اس میں اپنے امیدوار کی تصویر بھی پرنٹ کر ارہے ہیں۔ کچھ لوگ تو خاص پارٹی کے لیے بھی ’جے شری رام‘ لکھا ماسک خرید رہے ہیں۔

رمیش چندر گپتا کے مطابق پرتاپ گڑھ اور رائے بریلی سے بھی ’جے شری رام‘ والے ماسک کی ڈیمانڈ آئی ہے۔ ماسک بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے اور اسے پورا کرنے کے لیے کاریگروں کو دن رات کام کرنا پڑ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button