گاندھی جینتی کے موقع پر بابائے قوم کو اردو یونیورسٹی کا خراج
حیدرآباد یکم ؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دنیا کے تمام مذاہب عدم تشدد کا درس دیتے ہیں۔ لیکن مہاتما گاندھی نے ہندوستانی ثقافت کے امتزاج کے ساتھ اسے آزادی کی جدوجہد میں انگریزوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی MAULANA AZAD) NATIONAL URDU UNIVERSITY) نے آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت لیکچر سیریز کے ایک حصے کے طور پر’ ’سواتنترا سنگرام، گاندھی اور ہندی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ لیکچر میں کیا۔اس طرح اردو یونیورسٹی نے گاندھی جینتی سے ایک دن قبل بابائے قوم کو خراج پیش کیا۔
پروگرام کا اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کمیٹی ، این ایس ایس اور شعبہ ہندی ، مانو نے مشترکہ طور پر عدم تشدد تقریبات کے موقع پر کیا ۔
پروفیسر عین الحسن نے موجودہ دورمیں عدم تشددکی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پروفیسر محمد فریاد ،صدرنشین ، کمیٹی نے افتتاحی تقریر کی۔ ڈاکٹر کرن سنگھ اتوال ، صدر شعبہ ہندی نے اس موقع پر اپنے لیکچر میں گاندھی جی کے ذریعے ہندی زبان کے فروغ ،جدوجہد آزادی میں ہندی شاعری اور شاعروں کے کردار کا احاطہ کیا۔ ڈاکٹر اروندھتی ، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبہ کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں، جشن آزادی کے حصے کے طور پر "آزادی کی جدوجہد اور مہاتما گاندھی” پر طلباء کے لیے کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا۔ کوئز مقابلے میں 300 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر اروندھتی کوآرڈنیٹر تھیں۔پروفیسر صدیقی محمود ، رجسٹرار انچارج نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی آزادی کے لیے عوام کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو یاد کیا۔ ڈاکٹر شیخ قمر الدین ، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبہ مینجمنٹ اینڈ کامرس نے شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ، پرو وائس چانسلر نے گاندھی جی کی زندگی اور ان کے اقدار پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ ہر ایک کو ان پر عمل کرنا چاہیے۔ اس موقع پر فلم ’گاندھی‘ کی نمائش بھی کی گئی۔
اردو یونیورسٹی کو راج بھاشا ایوارڈ
مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کومرکزی حکومت کی ٹاؤن آفیشیل لینگویج عمل آوری کمیٹی(سی او ایل آئی سی)(سنٹرل گورنمنٹ آفس-1) ، حیدرآباد کی جانب سے قومی زبان ہندی کے فروغ اور استعمال پر انعام سوم دیا گیا ۔ 30؍ ستمبر کو نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ڈرمٹالوجی اینڈ یونانی میڈیسن، حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس میں جناب کے پی شرما ، ڈپٹی ڈائریکٹر (عملآوری) ساؤتھ زون آفس ، بنگلورو ، محکمہ سرکاری زبان ، وزارت داخلہ ، حکومت ہند نے یونیورسٹی کو ایوارڈ عطا کیا جسے یونیورسٹی کی ہندی آفیسر ڈاکٹر شگفتہ پروین نے حاصل کیا۔
بعد ازاں، ڈاکٹر شگفتہ پروین نے ہندی سیل کے اسٹاف کے ہمراہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن سے ملاقات کی۔ پروفیسر عین الحسن اور پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ، پرو وائس چانسلر نے اس کامیابی پر یونیورسٹی کے ہندی سیل کو مبارکباد پیش کی۔پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے اس ایوارڈ کو مانو کے لیے اعزاز قرار دیا۔
مانو، شعبہ سی ایس این آئی ٹی طلبہ کی پری پلیسمنٹ کونسلنگ
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ،شعبہ کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹکنالوجی ،ا سکول آف ٹکنالوجی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے زیر اہتمام طلبہ کے لیے آن لائن پری پلیسمنٹ کونسلنگ کا 30 ستمبر 2021 کو صبح گیارہ بجے اہتمام کیا گیا۔ڈاکٹر سید امتیاز حسن ، صدر وٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر شعبہ سی ایس اینڈ آئی ٹی کے بموجب ایم این سی سافٹ وئیر کمپنی TuringMinds.ai میں مشین لرننگ (ML) انجینئر کے عہدہ پر تقرری کے لیے اہل طلبا کو تیار کرنے کی غرض سے پری پلیسمنٹ کونسلنگ منعقد کی گئی۔
آن لائن پروگرام میں کمپنی کے عہدیدارجناب سائی رام چاولی، اسوسیٹ ڈائرکٹر، ایچ آر اور میگھنا جھاڈے، ایگزیکٹیو، ایچ آر نے بی ٹیک، ایم ٹیک اور ایم سی اے فائنل سمسٹرکے طلبا کو انٹرویوکی تیاری میں رہنمائی کی۔طلبا نے ان عہدیداروں سے مجوزہ پلیسمنٹ ڈرائیو کے بارے میں بات چیت بھی کی۔
آرٹیفیشل انٹلی جنس اور مشین لرننگ کے شعبے میں امریکہ، مشرق وسطیٰ اور ہندوستان میں کمپنی کے 50 سے زائد استفادہ کنندگان ہیں۔ کمپنی کا ہیڈ کوارٹر ڈٹرائٹ، امریکہ میں ہے جبکہ کولمبس ، بحرین اور حیدرآباد میں دفاتر ہیں۔مشین لرننگ سینٹر آف ایکسیلنزکے قیام کے حصے کے طور پر،کمپنی انجینئرنگ ، فزیکل سائنس یا ریاضی مضامین کے گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کی بھرتی کررہی ہے۔ٹسٹ کی تیاری کے لیے طلبا کو 7 دن کی ٹریننگ دی جائے گی جس میں quantitative aptitute اور بارہویں کلاس کی ریاضی شامل ہوں گے۔
پروفیسر عبدالواحد ، ڈین ، اسکول آف ٹکنالوجی اور ڈاکٹر بونتھو کوٹیا ، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبہ سی ایس اینڈ آئی ٹی و کنوینر ، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے علاوہ سیل کے دیگر اراکین پروگرام میں موجود تھے۔






