نئی دہلی:(اردودنیا.اِن )کورونا وائرس کی دوسری لہر کے درمیان کوویڈ مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر وزارت دفاع کی جانب سے ایک بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ اب عام لوگ ملٹری اسپتال میں بھی اپنا علاج کراسکیں گے۔ ملک بھر میں فوج کے 67 اسپتال ہیں۔وزیر دفاع نے یہ ہدایت فوج کے تینوں سربراہوں اور سیکریٹری دفاع سے ملاقات کے بعد فوج کے تمام اسپتالوں کو جاری کیاہے۔ اس میں کویوڈ کے مریضوں کا علاج ضلعی انتظامیہ یا کویوڈ کے نوڈل آفیسر کے توسط سے کیا جائے گا۔
اس سے قبل دفاعی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے بھی اپنے ایک اسپتال کو کووڈ 19 کے مریضوں کے لئے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ دہلی ہوائی اڈے کے قریب ڈی آر ڈی او کا ایک اسپتال ہے ، جسے پیر سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال بھی یہاں مریضوں کا علاج کیا گیا تھا ، لیکن بعد میں کیسزکم ہونے کی وجہ سے اسے بند کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ منگل 20 اپریل کی صبح تک ملک میں 259170 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جس کی وجہ سے ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 15321089 ہوگئی ہے۔ آج ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ایک دن میں 1761 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی کل تعداد 180530 ہوگئی ہے۔



