
پربھنی:(سید یوسف)علاقہ مرہٹواڑہ کی مشہور ومعروف ملی، سماجی، صحافتی شخصیت محمد رفیع الدین رفیق عمر 50 سال ساکن مظفر نگر، نزد ہرسول، اورنگ آباد، یکم اپریل بروز جمعرات کے روز زوردار قلبی حملہ کے باعث اورنگ آباد کے گھاٹی اسپتال میں شام آٹھ بجے کے قریب انتقال کر گئے – انہیں چھاتی میں زوردار چمک ہونے کے سبب دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب گھاٹی اسپتال میں شریک کیا گیا تھا مرحوم نہایت خوش مزاج ،ملنسار اور دیندار طبیعت کے مالک تھے – وہ روزنامہ ممبئی اردو نیوز، ممبئی کے اورنگ آباد ضلع نمائندہ تھے – اسی طرح معروف نیوز چینل *سب کی آواز، اورنگ آباد* یو ٹیوب چینل کے ایڈیٹر بھی تھے – وہ علاقہ مرہٹواڑہ میں صحافتی میدان کے اہم ستون مانے جاتے تھے –
پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک دختر اور تین فرزندان شامل ہیں – ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں خلداباد شریف بڑی درگاہ میں جمعرات کے روز شب ساڑھے بارہ بجے ادا کی جائیگی – جبکہ تدفین آبائ قبرستان میں عمل میں آئیگی – صحافی رفیع الدین رفیق کے اس اچانک سانحہ ارتحال سے صحافتی میدان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے-
ان کا اردو ادب اور صحافتی میدان میں بڑا اہم کردار رہا ہے – وہ گزشتہ 37 سال سے اردو صحافت میں اپنے بیباکانہ نمائندگی سے وہ ہر عام اور خاص میں مقبول تھے –



