
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں منگل کو جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دی۔ جھولن گوسوامی (42 رن دے کر 4وکٹ) کی قیادت میں گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی سے ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 157 رنز پر آل آوٹ کردیا ۔

ہندوستان نے اس کے بعد اسمرتی مندھانا (80 ناٹ آوٹ ) اور پونم راوت (62 ناٹ آؤٹ) کے درمیان دوسری وکٹ کے لئے 138 رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ساتھ صرف 28.4 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ ہندوستانی خاتون کی شاندار فتح میں اسمرتی مندھانا نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اسمرتی مندھانا نے مسلسل 10 ویں بار ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 50 سے زیادہ رنز بنائے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی پہلے کرکٹر ہیں ، مردوں کے کرکٹ میں بھی کسی بلے باز نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا۔ بائیں ہاتھ کی خاتون کرکٹر نے نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ، 2015 اور 2017 کے درمیان ہدف کے تعاقب میں بیٹس نے مسلسل نو بار 50 یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔



