ممبئی:(اردودنیا.اِن)مہاراشٹر کے کلیان میں طبی پیشے کو شرمسارکرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہاں کوویڈ مریض کے ساتھ مبینہ طور پر اسپتال میں چھیڑچھاڑکی گئی ہے۔ الزام وہاں تعینات ایک وارڈ بوائے پر لگا ہے۔ ملزم کا نام شری کانت موہیت بتایا جارہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ 28 سالہ متاثرہ نے ایک بچی کو جنم دیا تھا۔
تب وہ کوویڈ مثبت پائی گئی۔ اس رپورٹ کے بعد اسے لال چوک کے کووڈ کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا، وہ یہاں زیر علاج تھی۔ادھر اتوار کے روز جب متاثرہ سو رہی تھی تو ملزم وارڈ بوائے اس کے بستر پر پہنچا۔ متاثرہ نے الزام لگا یاکہ اس کے بعد اس نے جنسی زیادتی کرنے کی کوشش شروع کردی۔ متاثرہ نے فورااپنے شوہر کو آگاہ کیا اور اس کے بعد معاملہ پولیس تک پہنچا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کیس کی تفتیش شروع کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی عمر 34 سال بتائی گئی ہے۔
اس واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وہیں مریضوں خصوصا خواتین مریضوں اور ان کے رشتہ داروں میں خوف ہے۔ کووڈ وارڈ میں کسی کے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے، ایسی صورتحال میں لوگوں کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
وارڈ بوائے پرلگاالزام
تاہم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ساتھ ہی لوگوں کو یہ خوف بھی ہے کہ اس نے ماضی میں بھی کسی خاتون مریضہ کے ساتھ ایسا کوئی کام نہ کیا ہو۔ اس واقعے نے ایک بار پھر طبی پیشے کو شرمندہ کردیا ہے۔ لوگ بڑے اعتماد کے ساتھ اپنے کنبے کو اسپتالوں میں چھوڑ دیتے ہیں۔



