کوچ بہار :(اردودنیا.اِن)بنگال انتخابات کے چوتھے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران تشدد کی بہت سی اطلاعات سامنے آئیں۔ کوچ بہار میں سیتالکوچی اسمبلی سیٹ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر صبح گیارہ بجے کے بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق تصادم میں دونوں فریقین کی طرف سے بم اور گولیاں استعمال کی گئیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے سی آر پی ایف کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔ جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
تاہم ٹی ایم سی کا دعوی ہے کہ مرنے والوں کی تعداد پانچ ہے۔ فی الحال الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جب سیتالکوچی میں دونوں پارٹیوںکے کارکنوں میں تصادم ہوا تو فورا ہی اس کی اطلاع کوئیک رسپانس ٹیم کو دی گئی۔ ٹیم کے پہنچتے ہی گاؤں والوں نے ان پر حملہ کردیا۔ جس کے بعد صورتحال کوقابو کرنے کے لئے سی آر پی ایف اہلکاروں نے فائرنگ کردی ، جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔
اس معاملے پر سیاسی جنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈائریک اوبرائن نے اس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ ہمیں جائز طریقے سے شکست دینے میں ناکام ہوگئے ہیں تو آپ ہم پر فائرنگ کر رہے ہیں ، قتل کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی اعلی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے اوبرائن نے کہا کہ آپ کے حکم کے بعد ہی الیکشن کمیشن نے بنگال پولیس کے ڈی جی اور اے ڈی جی اور اس علاقے کے ایس پی کو تبدیل کیا تھا جہاں قتل کا واقعہ ہوا تھااور 5 افراد کی موت ہوگئی ہے۔



