
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آخر کار ملک میں اسمبلی انتخابات کے اختتام کا اثر خوردہ ایندھن پر دکھائی دینے لگا ہے منگل 4 مئی 2021 کو انتخابی نتائج کے دو دن بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ آج پٹرول 15 پیسے اور ڈیزل 16 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ66 دنوں سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا۔
اس دوران بین الاقوامی کروڈ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا ، لیکن اس کا اثر تیل کی گھریلو قیمتوں پر نظر نہیں آرہا۔آخری اضافہ 27 فروری 2021 کو ہوا جب پٹرول 24 پیسے اور ڈیزل 17 پیسے مہنگا ہوا تھا۔ جبکہ آخری کٹوتی 15 اپریل کو ہوئی تھی ، جب پٹرول 15 اور ڈیزل 14 پیسے سستا ہوا تھا۔ ابھی ہفتے کے روز ہی اے ٹی ایف یعنی ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں ، جس کے بعد یہ واضح ہوگیا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی جلد اضافہ ہوگا۔آج کے اضافے کے بعد اب دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 90.55 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی کے ساتھ ہی ڈیزل 80.91 کردیا گیا فی لیٹر ہوگیا ہے۔ ممبئی کی بات کریں تو یہاں پیٹرول کی قیمت 96.95 روپئے فی لیٹر ہے جبکہ ڈیزل بھی 87.98 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ چنئی میں پٹرول 92.55 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 85.90 فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت 90.76 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 83.78 روپئے فی لیٹر ہے۔
ملک میں تیل کی قیمتوں میں روزانہ صبح 6 بجے ترمیم کی جاتی ہے کیونکہ ملک میں ہر روز خام تیل کی قیمتوں اور زرمبادلہ کے نرخوں کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی ہوتی ہے۔ یہ نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے ملک کے ہر پٹرول پمپ پر نافذہوتی ہیں۔



