ویب ڈیسک
انڈونیشیا میں قدرتی آفات س نمٹنے والی ایجنسی کے مطابق جزیرہ سولاویسی میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ایک بجے کے بعد آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 تھی۔ اس دوران متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جس کے بعد خوف و ہراس کے مارے مقامی باشندوں نے زیادہ محفوظ علاقوں میں جا کر پناہ لی۔جن عمارتوں کو نقصان پہنچا ان میں ایک ہسپتال بھی شامل ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر جزیرے میں مزید زلزلے آئے تو سونامی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل ایک حکومتی ذمہدار نے زلزلے سے متاثرہ شہر ماموجو میں امدادی ٹیموں کے حوالے سے بتایا تھا کہ ہسپتال تباہ ہو کر زمین بوس ہو گیا۔ مزید یہ کہ مریض اور ہسپتال کے عملے کے افراد ملبے کے بیچ محصور ہیں جن کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ محصور افراد کی تعداد 10 سے 20 کے درمیان ہو سکتی ہےزلزلے کا مرکز ماجینی شہر سے 6 کلو میٹر شمال مشرق میں زمین کے اندر دس کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ماجینی اور اس سے ملحقہ ماموجو کے علاقے میں متعدد ہلاکتیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے والی ایجنسی نے بتایا ہے کہ زلزلہ آنے پر ہزاروں افراد اپنے گھروں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ اس دوران کم از کم 60 گھروں کو نقصان پہنچا۔ مقامی آبادی نے 7 سیکنڈ تک زلزلے کو محسوس کیا۔امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق انڈونیشیا کے شمال مشرقی علاقے میں زلزلہ آیا۔ زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو کلپس میں مقامی آبادی کو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر زیادہ بلند زمین کی جانب فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں بچے ملبے کے بیچ محصور نظر آئے اور لوگوں کو اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔گذشتہ روز جمعرات کو ابتدائی گھنٹوں کے دوران اسی علاقے میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس کے نتیجے میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔قدرتی آفات سے نمٹنے والی ایجنسی کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سلسلہ وار زلزلے آئے۔ اس دوران بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
حکام کے مطابق زلزلے سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جس سے 15 ہزار افراد بےگھر ہوگئے۔ ایک اسپتال کی عمارت گرنے سے کئی مریض اور ڈاکٹر ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔انڈونیشین حکام کے مطابق زلزلے سے گورنر آفس اور ایک دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔




