وزیر اعلیٰ کا بھا جپا اور آر ایس ایس پر طنز: آر ایس ایس کا انگریزوں سے ساز باز تھا ،کیا کوئی جنگ آزادی میں جیل گیا : اشوک گہلوت
جے پور:(اردودنیا.اِن)کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کے یوم تاسیس کی تقریب پر وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو نشانہ بنایا ۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ جو لوگ آج اقتدار میں بیٹھے ہیں ، انہوں نے ملک کی آزادی کے لئے انگلی تک نہیں کٹائی، یہ لوگ انگریزوں سے ملے ہوئے تھے؟ وہ انگریزوں کی زبان بولتے تھے۔
کیا ان کا کوئی لیڈرجنگ آزادی میں جیل گیا تھا؟
آج یہ کہتے ہیں کہ کانگریس نے 70 سالوں میں کیا دیا ؟اشوک گہلوت نے کہا کہ آج حکمراں طبقہ کو جمہوریت کا ’’آشیرواد‘‘ ملا ہے ، کس نے ملک کو جمہوریت دی۔ کانگریس نے ملک میں جمہوریت برقرار رکھی ہے ، لہٰذا آج یہ لوگ اقتدار میں بیٹھے ہیں۔گہلوت نے کہاکہ بی جے پی کے لوگ جھوٹ بولنے میں بہت ہی ماہر ہیں، ہماری کمزوری یہ ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ حکومت خواہ کتنا ہی اچھا کام کرلے ، لیکن ہم اسے عوام تک نہیں پہنچا پاتے ہیں۔
بی جے پی کی حکومتیں کام تو کم کرتی ہیں ،لیکن کا م سے زیادہ تشہیر کرتی ہیں۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ ماحول ہندوتوا ہوچکا ہے ، ا س لئے ہم بھی ڈرگئے ہیں کہ لوگ ووٹ نہیں دیں گے، آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ این ایس یو آئی کے کارکنان 200 سے 300 افراد پر مشتمل کیمپ لگائیں ، سال میں ایک بارسیشن کریں ، ہم بیٹھ کر سنیں گے، تمام پرانی روایات ختم ہوگئیں۔ آپ نے کرسیاں نہیں لگائیں ،اچھا کیا ہے ۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ آج راہل گاندھی اکیلے مودی سے مقابلہ کررہے ہیں ، کئی ساری پارٹیاں تھیں ، سب غائب ہوگئیں۔ جب کانگریس کا راج تھا ، تو ان دیگر جماعتوں کی بھی اپنی حیثیت حاصل تھی۔ آج تو حکومتیں گرانے کی سازش ہورہی ہے۔ عدالتی نظام، سی بی آئی ، انکم ٹیکس ، ای ڈی پرمستقل دباؤ ڈالے جارہے ہیں۔ این ایس یو آئی(کانگریس کی طلباء تنظم) کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کہ ملک کس سمت میں جائے گا ، کیونکہ آپ کوہی آگے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔



