
آسام میں وزیر اعظم مودی: کانگریس کی حکمرانی نے بم اوربندوق دیا ،جبکہ این ڈی اے نے امن وامان دیا
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کے کوکرا جھار میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کو نشانہ بنایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس کی طویل حکمرانی نے آسام کو بموں ، بندوقوں اور ناکہ بندی میں جھونک دیا تھا۔ این ڈی اے نے آسام کو امن اور عزت دی ہے۔ واضح رہے کہ آسام میں آج دوسرے مرحلے میں ووٹنگ بھی ہورہی ہے۔
آج آسام کی 39 نشستوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں آسام میں 79 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔پی ایم مودی نے کہا کہ ایسا کوئی ذات نہیں ہے جس سے کانگریس نے غداری نہیں کی ہے ، جبکہ این ڈی اے حکومت تمام ذاتوں کے مفاد میں اقدامات کررہی ہے۔ اس کے لئے یہاں نئی ترقیاتی کونسل بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آسام کے عوام آسام کی ترقی کے لئے این ڈی اے پر اعتماد کرتے ہیں۔
کئی دہائیوں تک آسام کو لوٹنے والے آسام کو تباہ کرنے کا خواب دیکھ رہے جھوٹے لوگ بوکھلا رہے ہیں ، وہ لوگ بڑے بڑے جھوٹ بولیں گے ، افواہیں پھیلائیں گے ، لیکن آسام کے لوگوں کو ان سے محتاط رہنا ہوگا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پورا ہندوستان جانتا ہے کہ یہاں کے نوجوانوں میں فٹ بال بہت مشہور ہے ،
اگر میں ان کی زبان میں کہوں تو کانگریس اور اس کے مہاجھوٹ کو پھر سے یہاں کے لوگوں نے ریڈ کارڈ دکھایا ہے۔ آسام کی عوام نے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں این ڈی اے کو بے پنا پیاردیا ہے ۔



