
آسٹریلیا نے ملتوی کیا جنوبی افریقہ کا دورہ ،ٹیسٹ چمپئن شپ کی دوڑ سے تقریباً باہر
سڈنی:(اردودنیا.اِن)آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے کورونا وائرس کے خطرہ کے سبب جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلی جانے والی سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سیریز کی منسوخی سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فائدہ ہوا ہے اور وہ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
آسٹریلیا کورواں ماہ جنوبی افریقہ کے دورہ پر جانا تھا لیکن موجودہ صورتحال کی وجہ سے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین فروری اور مارچ کے درمیان جنوبی افریقہ میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی تھی لیکن آسٹریلیاکے پیچھے ہٹنے کی وجہ سے اب نہیں کھیلی جاسکے گی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر اسے منسوخ کردیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری صدر نک ہاکلے نے کہاکہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں ، معاون اسٹاف اور صحت و حفاظت کے لحاظ سے آسٹریلیا سے جنوبی افریقہ کا سفر انتہائی خطرناک ہے۔
اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا کے ٹویٹر پیج پر ایک باضابطہ پیغام جاری کیا گیا ہے۔ یہ لکھا گیا ہے کہ آج ہم نے کرکٹ جنوبی افریقہ کو آگاہ کیا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے ہمارے پاس اس سفر کو ملتوی کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔




