
اپنی دلفریب اداکاری سے شائقین کے دلوں کو کاٹنے والی ” کمی کاٹکر "
سلام بن عثمان
بالی ووڈ کے ہر دور اور ہر دہائی میں ایک ایسا بدلتا دور دیکھنے کو ملتا ہے جسے بالی ووڈ نے بہت ہی بہترین انداز میں فلمی شائقین کو پیش کیا ہے۔ جیسے رومانی اداکاروں کی بات کی جائے یا پھر مزاحیہ اداکار رہے ہو اور ان سب سے الگ بے جھجک کردار والے اداکاراؤں کا دور کیوں نا رہا ہو۔
ان تمام کرداروں کے ساتھ بالی ووڈ میں اداکاراؤں نے اپنی شناخت بنائیں ہیں اور مشہور بھی ہوئیں۔ 80 کے دہائی میں بہت ہی خوبصورت اداکاراؤں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور مشہور بھی ہوئیں۔
اسی 80 کے دہائی میں کئی ایک مشہور اداکاراؤں کا دور دورہ تھا جن میں پروین بابی،زینت امان،پدمنی کولہا پوری،میناکشی شہشادری کے علاؤہ کئی ایک بالی ووڈ میں مشہور ہوچکی تھیں۔ان تمام کے درمیان بہت ہی خوبصورت بے جھجک اداکارہ نے بھی ماڈلنگ کی دنیا سے نکل کر بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اپنی بے جھجک اداکاری سے مشہور ہوئیں۔
دو دہائی سے بھی کم عرصہ تک بالی ووڈ سے منسلک رہیں اور اپنی اداکاری سے فلمی شائقین کو لطف اندوز کیا اور اپنے ساتھ جمعہ چما والی بہترین اداکارہ کی شناخت چھوڑ گئیں ساتھ ہی جمعہ چما گرلز سے یاد کی جانے والی اداکارہ بھی بن گئیں۔جی ہاں وہ مشہور اداکارہ کمی کاٹکر ہے۔
11 دسمبر 1965 کو کمی کاٹکر کی پیدائش مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں ہوئی۔والدہ ٹینا کاٹکر بالی ووڈ میں جونئیر اداکارہ تھیں اورکاسٹیوم ڈیزائنر بھی تھیں۔ والد بھی بالی ووڈ سے منسلک تھے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کی کمی کاٹکر کا گھریلو ماحول فلمی تھا جس کی وجہ سے کمی کاٹکر کو فلموں سے دلچسپی بہت تھی اس سے بھی زیادہ دلچسپی والدہ کو تھی وہ چاہتی تھی کی کمی بھی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ بنے۔
کمی کاٹکر کا اصلی نام نئین تارہ کاٹکر تھا جسے بعد میں فلمی نام کمی کاٹکر کیا گیا۔ کمی کاٹکر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ماڈلنگ میں قدم جمایا کامیابی بھی حاصل کی مگر والدہ کی کاوشوں نے کمی کاٹکر کو ماڈلنگ سے باہر نکالا اور بالی ووڈ میں لے آیا۔ کمی کاٹکر نے 1984 میں پہلی فلم "کس کا کھیل” سے اپنا فلمی سفر شروع کیا، یہ فلم کچھ وجوہات کی بنا پر بند پڑ گئی اور مکمل نا ہو سکی۔
اس کے بعد فلم پتھر دل میں معاون ہیروئین موقع ملا ساتھ اس وقت کی مشہور اداکارہ نیلم تھیں مگر فلم پتھر دل سے کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی۔
اس درمیان بی سبھاش ایک فلم ایڈوینچرز آف ٹارزن کی اسکرپٹ پر کام کر رہے تھے اور انھیں نئے چہرے کی تلاش تھی نئے چہرے والا ہیرو تو مل گیا مگر ایک ہیروئین کی تلاش تھی پہلے تو نیلم کو اس فلم کی کہانی سنائیں گئی اور نیلم نے اس فلم کو انکار کر دیا اسی درمیان کسی نے کمی کاٹکر کی سفارش کی جب بی سبھاش کمی سے ملے تو انھیں پورا یقین تھا کہ میری فلم کی ہیروئین مل گئی۔
کمی کاٹکر کو فلم کی کہانی سنائی گئی تو کمی نے مرکزی کردار اور بی سبھاش کی شہرت کو دیکھتے ہوئے حامی بھری۔فلم ٹارزن میں نیا چہرہ ہیمنت برجے کے مقابل ہیروئین کمی کاٹکر کو لیا گیا۔فلم مکمل ہوئی اور باکس آفس پر ایک نیا ریکارڈ بنایا ساتھ ہی کمی کاٹکر نے بالی ووڈ میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئی اس فلم میں کمی کاٹکر نے اپنی بے جھجک اداکاری سے بالی ووڈ میں تہلکہ مچا دیا۔
ایسی اداکارہ کا انتظار بالی ووڈ کو تھا۔کمی کاٹکر بالی ووڈ میں ایک بے جھجک اداکارہ(بولڈ اداکارہ) کے طور پر پسند کی جانے لگی۔فلم ٹارزن کے بعد کمی کاٹکر کو کئی فلمیں ملیں۔1981 میں کمی کاٹکر نے تقریباً 10 سے زیادہ فلموں میں کام کیا اور اسی سال ان کی دس فلم ریلیز ہوئی، اور اس فلم میں اپنی بہترین اداکاری کی اور فلم کو کامیاب بنایا۔
کمی کاٹکر نے اس وقت کے ہر بڑے اسٹار کے ساتھ کام کیا جن میں رشی کپور،گوندہ،انل کپور،ادتیہ پنچولی،جیکی شراف،ونود کھنہ،متھن چکرورتی،جتیندر،سنجے دت،رجنی کانت،راج ببر اور سپر اسٹار امیتابھ بچن کے علاوہ دیگر۔ اسی کی فہرست میں اس وقت کی مشہور ہیروئین کے ساتھ بھی جن میں سری دیوی،نیلم،جیا پردہ،منداکنی، کے علاؤہ اور بھی کئی مشہور اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا اور بالی ووڈ میں ایک مقام بنایا۔
ایک وقت ایسا بھی آیا کہ کمی کی فلموں کا گراف گرتا نظر آرہا تھا۔فلم کالا بازار نے کمی کو سہارا دیا اور اس فلم میں بے جھجھک (Bold) اداکاری نے ایک مرتبہ پھر شہرت ملی۔
کمی کاٹکر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ "مجھے اپنی فلم کے ساتھی اداکاروں کے ساتھ رہنا بہت اچھا لگتا ہے یہ بھی ہمارے گھر جیسے ہیں”۔مگر کمی کاٹکر نے دوستی کی حد کو اتنا تجاوز کر گئی کہ وہ تنازعہ کا شکار بن گئیں ماڈلنگ کے وقت موہنیش بہل کے ساتھ دوستی میں اتنا قریب ہوگئی کہ بالی ووڈ میں خبر گشت کرنے لگی کمی اور موہنیش نے منگنی کر لی اس کے بعد ہیمنت برجے،انل کپور،سنجے دت،راج ببر اور ڈینی کے نام بھی سامنے آنے لگے
کمی کاٹکر کے عشق کے چرچے بالی ووڈ کی گلیاروں میں بات گشت کرنے لگیں اتنا ہی نہیں کئی شادی شدہ اسٹار کے زندگی میں خلش پیدا کردی جس کی وجہ سے ان کی بیوی بچوں کو چھوڑ کر ان سے علیحدگی اختیار کرلی، کمی کاٹکر عشق کے تنازعہ کا شکار رہی۔ ایک وقت ایسا آیا کہ اس کا احساس کمی کاٹکر کو ہوا اور بالی ووڈ سے دوری اختیار کی۔
کمی کاٹکر کا یہ فیصلہ لینے میں کافی دیر کردی تھی مگر یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دیر آید درست آید! اگر یہ فیصلہ اپنی شروعاتی وقت میں کرتیں تو شاید ان گھروں میں دراڑ نہ پڑتیں۔
1991 میں فلم” ہم” میں امیتابھ بچن کے مقابل مرکزی ہیروئین موقع ملا، اس فلم کا ایک نغمہ بہت مشہور ہوا جسے کمی کاٹکر پر فلمایا گیا تھا وہ نغمہ تھا "جمعہ چما دے دے……”فلم "ہم”سپر ہٹ رہی اور کمی کاٹکر کی شہرت میں اور اضافہ ہوا۔
1992 میں کمی کاٹکر نے بالی ووڈ کے فلم ساز اور فوٹوگرافر شانتانو شوریہ سے شادی کی۔ان کا ایک لڑکا ہے جس کا نام سدھانت شوریہ ہے۔ سدھانت شوریہ بھی اپنے والد کی طرح فوٹوگرافر کی فیلڈ سے منسلک ہے اور ملبورن میں ایک بہترین اور مشہور فوٹوگرافر کی فہرست میں سدھانت شوریہ کا شمار ہوتا ہے۔
بالی ووڈ میں کمی کاٹکر نے کئی اداکاروں کے ساتھ کام کیا مگر گوندا کے ان کی کیمیسٹری کو بہت پسند کیا گیا۔ ان دونوں کی فلمیں رہیں میرا لہو،جیسی کرنی ویسی بھرنی،دریا دل، دھرمیندر اور انیل کپور غیر قانونی،خون کا قرض اور ونود کھنہ کے ساتھ بھی فلم رہی۔
آسٹریلیا کے شہر ملبورن سے واپسی کے بعد کمی کاٹکر نے پونہ شہر کا انتخاب کیا شوہر اور بچے کے ساتھ پونہ میں مقیم ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں کمی نے بتایا کہ” وہ بالی ووڈ میں واپسی کرنا چاہتی ہے اگر کوئی بڑا اور اہم کردار ملتا ہے تو ضرور بالی ووڈ میں واپسی کروں گی”۔
کمی کاٹکر بالی ووڈ کی پارٹی میں نظر تو آتی ہیں۔اس یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بالی ووڈ میں واپسی ایک بڑے بینر کی بڑی فلم کے ذریعے کرنا چاہتی ہے۔
کمی کاٹکر نے دو دہائی سے بھی کم عرصہ میں پچاس سے بھی زیادہ فلموں میں کام کیا ان کی کچھ مشہور فلم ٹارزن،میرا لہو،غیر قانونی،جیسی کرنی ویسی بھرنی،خون کا قرض،مرد کی زبان،زلزلہ،طمانچہ،راما او راما اور کالا بازار کے علاؤہ اور بھی کئی دیگر مشہور فلم رہی ہیں۔بالی ووڈ میں کمی کاٹکر کو ہمیشہ جمعہ چما گرلز سے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔




